اسرائیلی فوج کو لبنان میں کارروائیوں میں توسیع کی ہدایت کر دی ہے : کاتز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری لڑائی کے دوران اسرائیلی وزیر دفاع یسرائيل کاتز نے آج جمعرات کو بتایا کہ انہوں نے اور وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے فوج کو شمالی بستیوں میں امن و سلامتی کی واپسی کے لیے "لبنان میں کارروائیوں میں توسیع" کی ہدایت کر دی ہے۔ کاتز کے مطابق حزب اللہ کے میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے (ضاحیہ) اور ملک بھر میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بھرپور جوابی کارروائی کی ہے۔ انہوں نے لبنانی صدر جوزف عون کو متنبہ کیا کہ اگر لبنانی حکومت زمین پر کنٹرول اور حزب اللہ کو روکنے میں ناکام رہی، تو اسرائیل خود اس علاقے کا کنٹرول سنبھال لے گا۔

اسی دوران اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ منگل کو بیروت پر کیے گئے ایک حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کا کمانڈر "ابو ذر محمدی" ہلاک ہو گیا ہے۔ وہ حزب اللہ کے میزائل یونٹ کا رکن تھا اور ایرانی نظام اور حزب اللہ کے درمیان عسکری ہم آہنگی کے لیے بطور رابطہ کار مرکزی کردار ادا کر رہا تھا۔

العربیہ/الحدث کی رپورٹ کے مطابق، آج مشرقی لبنان میں بعلبک کے مغرب میں واقع گاؤں دورس میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ جنوبی لبنان کے قصبے دير انطار پر حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ اس سے قبل بدھ کی شام اسرائیل نے ضاحیہ میں انٹیلیجنس مراکز اور رضوان فورس کے ہیڈ کوارٹر سمیت حزب اللہ کے درجنوں ٹھکانوں پر بمباری کی تھی۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق بیروت کے ساحلی علاقے الرملہ البيضاء پر حملے میں 7 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ جنوبی شہروں قانا، الطیبہ اور السلطانیہ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب پاسداران انقلاب نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب حزب اللہ کے ساتھ مل کر اسرائیل پر مشترکہ میزائل حملے کا اعلان کیا ہے۔ حزب اللہ نے تل ابیب کے مضافات میں واقع فوجی انٹیلیجنس کے ہیڈ کوارٹر "گلیلوت بیس" اور شمالی بستیوں پر جدید میزائلوں اور ڈرونز سے حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے حملے میں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد حزب اللہ نے اسرائیل پر حملے شروع کیے تھ۔ اس کے جواب میں اسرائیل نے لبنان میں وسیع پیمانے پر بمباری اور جنوبی حصے میں زمینی پیش قدمی شروع کر رکھی ہے۔ لبنانی حکومت کے مطابق اب تک ان حملوں میں 687 افراد جاں بحق اور 8 لاکھ سے زائد شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں