امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف اپنی مشترکہ جنگ میں ایران کے سول انفراسٹرکچر کو بمباری کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹیوں کو ہدف بنانا شروع کر دیا ہے۔ اتوار کے روز دونوں ملکوں نے ایران کی مشہور اصفہان یونیورسٹی پر بمباری کی ہے۔
امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف جنگ کا آغاز کیا تھا اور مارچ کے آخری دنوں میں یونیورسٹیوں کو بھی اپنے باقاعدہ اہداف میں شامل کر لیا ہے۔ یاد رہے ایران کے خلاف پہلے ہی روز امریکی جنگی طیاروں نے مناب نامی ایرانی شہر میں بچیوں کے ایک پرائمری سکول پر بمباری کر کے لگ بھگ 170 بچیوں کو شہید کر دیا تھا۔ لیکن اب امریکی اور اسرائیل کی اس جنگ نے اعلیٰ تعلیمی مراکز کو بھی اپنی آتش و آہن کی بارش کی زد میں لے لیا ہے۔
امریکہ و اسرائیل کے جنگی طیاروں نے اصفہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی پر دن دیہاڑے بمباری کی ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ دوسرا موقع ہے کہ امریکہ و اسرائیل نے اس یونیورسٹی پر بمباری کی ہے۔ تاکہ یہ یقین کر لیا جائے یونیورسٹی میں تباہی سے کوئی چیز رہ نہیں گئی ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق بمباری کے اس تازہ واقعہ یونیورسٹی کے ایک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کو بطور خاص ہدف بنایا ، جس کے نتیجے میں کئی دیگر عمارات کو بھی سخت نقصان پہنچا ہے۔
بمباری کے نتیجے میں ابتدائی طور پر چار سٹاف ممبران کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔