پائلٹ کے ریسکیو آپریشن کے دوران امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں:ایرانی عہدیدار کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جمعہ کو جنوب مغربی ایران میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ کو بچانے کے اعلان کے بعد مصلحت نظام کونسل کے رکن سعید جلیلی نے اس آپریشن پر طنزیہ تبصرہ کیا ہے۔
سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں سابق ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے نمائندے سعید جلیلی نے آج اتوار کو ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ "ایران میں ایک مشہور مثال ہے کہ کسی خراب صورتحال کو مزید خراب کر دینا، یعنی وہ ابرو ٹھیک کرنے گیا تھا لیکن اپنی آنکھ ہی پھوڑ لی"۔
انہوں نے اپنے دعوے میں مزید کہا کہ امریکی صدر نے اپنے لڑاکا طیارے کے گرنے کے بعد امریکہ کی متاثرہ ساکھ بحال کرنے کی کوشش کی، لیکن اس دوران انہوں نے کئی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے ساتھ ساتھ اپنے فوجی بھی کھو دیے۔ ان کا اشارہ مبینہ طور پر کئی امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی جانب تھا۔
In Iran, we have a well-known proverb about making a bad situation worse:
— Saeed Jalili | سعید جلیلی (@DrSaeedJalili) April 5, 2026
“He set out to fix his eyebrow, but ended up blinding his eye.”
The U.S. President sought to restore America’s lost prestige after the destruction of his fighter jet;
but in doing so, he also lost several…
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے آج قبل ازیں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ پائلٹ کو بچا کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ "کرنل رینک کا پائلٹ معمولی زخمی ہے لیکن وہ خیریت سے ہے"۔ امریکی حکام نے بھی واضح کیا ہے کہ مشن میں حصہ لینے والے سپیشل فورسز کے تمام اہلکار بحفاظت واپس پہنچ چکے ہیں، تاہم انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکی فوج نے اپنے ہی دو طیارے تباہ کیے جو ریسکیو مشن کے دوران پھنس گئے تھے۔
تین امریکی طیارے گرانے کا دعویٰ
دوسری جانب ایرانی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پائلٹ کے ریسکیو مشن میں شریک تین امریکی فوجی طیارے مار گرائے ہیں۔ ایرانی مسلح افواج کے مرکزی آپریشن روم "ہیڈ کوارٹر خاتم الانبیاء" کے مطابق جنوبی اصفہان کی حدود میں داخل ہونے والے دشمن کے طیارے، جن میں دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اور ایک سی 130 ٹرانسپورٹ طیارہ شامل تھا، کو نشانہ بنایا گیا اور وہ اس وقت آگ کی لپیٹ میں ہیں۔ ایران نے امریکی ریسکیو آپریشن کو "ناکام" قرار دیا ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران ہونے والی ضربات کے نتیجے میں جنوب مغربی ایران میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ وہ شہری تھے یا فوجی اہلکار تھے۔
صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں اسے "امریکی تاریخ کا جرات مندانہ ترین سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ایک قابلِ احترام کرنل کی بحفاظت واپسی کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون نے گذشتہ روز تک دوسرے پائلٹ کے بارے میں کوئی بھی معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ایف 15 ایگل طیارہ گذشتہ جمعہ کو صوبہ کہگیلویہ و بویر احمد میں گرا تھا، اور ٹرمپ نے اس وقت کہا تھا کہ پائلٹ کا واقعہ مذاکرات پر اثر انداز نہیں ہوگا۔
-
واشنگٹن سے ایران پر سیٹلائٹ تصاویر روکنے کی درخواست
ایران اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان پانچ ہفتوں سے جاری جنگ کے دوران سیٹلائٹ امیجز ...
مشرق وسطی -
دس کروڑ ڈالر قیمت کے امریکی طیاروں کی تباہی، ایران کے اندر سے ملنے والی تصاویر کے حقائق
ایرانی فوجی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ جمعہ 03 اپریل کو جنوبی ایران میں ایف 15 ...
مشرق وسطی -
متحدہ عرب امارات کا 10 ایرانی میزائلوں اور 50 ڈرونز کو تباہ کرنے کا دعویٰ
اماراتی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک 507 بیلسٹک میزائلوں کو ناکام ...
مشرق وسطی