اسرائیل نے بھی ایران اور لبنان کے ساتھ عارضی جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کردی

مہلت ختم ہونے کے بعد ایران کا وسطی اسرائیل اور بیت المقدس پر میزائل حملہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بدھ کی علی الصبح امریکی خبر رساں ادارے ’سی این این‘ کو بتایا ہے کہ اسرائیل عارضی جنگ بندی پر راضی ہو گیا ہے۔ یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ دو ہفتوں کی اس جنگ بندی کا حصہ ہے جس کا اعلان انہوں نے ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے دی گئی مہلت ختم ہونے سے محض ڈیڑھ گھنٹہ قبل کیا تھا۔ رائیٹرز کے مطابق ٹرمپ نے مہلت ختم ہونے پر ایران کے شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے اور فوجی کارروائی میں شدت لانے کی دھمکی دے رکھی تھی۔

اسرائیلی ویب سائٹ ’وائی نیٹ‘ نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والی اس جنگ بندی میں لبنان بھی شامل ہوگا۔

پاکستانی ثالثوں کے ساتھ مذاکرات کے بعد تہران کے لیے مقررہ ڈیڈ لائن سے ایک گھنٹہ قبل ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ”میں دو ہفتوں کے لیے ایران پر بمباری اور حملے معطل کرنے پر اتفاق کرتا ہوں“۔ ٹرمپ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ یہ ”دونوں جانب سے جنگ بندی“ ہوگی اور ان دو ہفتوں کے دوران حتمی معاہدے کو مکمل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔

دوسری جانب ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز بتایا کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے ایرانی بنیادی ڈھانچے پر تباہ کن حملے دو ہفتوں کے لیے معطل کرنے کے اعلان کے چند ہی لمحوں بعد ایران نے اسرائیل کی جانب میزائل فائر کیے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ ”فوج نے ایران سے اسرائیل کی جانب داغے گئے میزائلوں کا سراغ لگایا ہے اور دفاعی نظام اس خطرے کو روکنے کے لیے الرٹ کیا‘‘۔

اسرائیلی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کے مطابق بدھ کی صبح ایران نے وسطی اسرائیل اور بیت المقدس کی سمت کئی میزائل داغے۔

گذشتہ روز منگل کو اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس نے ایران میں ان 8 پلوں کو نشانہ بنایا ہے جنہیں ایرانی حکومت جنگی ساز و سامان اور عسکری آلات کی منتقلی کے لیے استعمال کر رہی تھی۔ اسرائیل نے متنبہ کیا تھا کہ وہ ایرانی ”بنیادی ڈھانچے“ کو نشانہ بنائے گا تاکہ ایرانی حکومت کو معاشی نقصان پہنچایا جا سکے۔

اسی تناظر میں اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاھو نے منگل کے روز دعویٰ کیا کہ اسرائیل ”ایرانی حکومت کو مزید طاقت کے ساتھ کچل رہا ہے“ اور ایرانی سرزمین کے اندر نئی فوجی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ نیتن یاھو نے مزید کہا کہ اسرائیل نے پیر کے روز ایرانی فضائیہ کے ایک اڈے پر ٹرانسپورٹ طیارے اور درجنوں ہیلی کاپٹر تباہ کر دیے ہیں۔ ان کے بہ قول منگل کے روز ایران میں ریلوے لائنوں اور ان پلوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جنہیں پاسدارانِ انقلاب استعمال کرتے ہیں۔ نیتن یاھو نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج کی یہ کارروائیاں ایرانی عوام کے خلاف نہیں بلکہ اس حکومت کو کمزور کرنے کے لیے ہیں جو انہیں دبا رہی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں