امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدت میں کمی کے دعوے کے باوجود، جمعہ کو جنوبی لبنان کے علاقے سہل القاسمیہ اور مشرقی لبنان میں بعلبک کے مقام دورس پر اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے۔
اس کے ساتھ ہی جنوبی لبنان کے شہر نبطیہ میں سرکاری عمارت کے قریب ہونے والے حملے میں لبنانی اسٹیٹ سکیورٹی کے اہل کاروں کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ان حملوں سے عمارتیں تباہ ہو گئیں اور اسٹیٹ سکیورٹی کے دفتر کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جمعہ کو بیان جاری کیا ہے کہ 2 مارچ سے شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے اب تک لبنان میں حزب اللہ تنظیم کے 4300 سے زائد ٹھکانوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
اسرائیلی دعوے کے مطابق اس دوران تنظیم کے 1400 سے زائد ارکان ہلاک ہوئے ہیں۔ ادھر لبنانی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 1888 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 163 بچے بھی شامل ہیں۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب توقع ہے کہ اگلے ہفتے واشنگٹن میں اسرائیلی اور لبنانی حکام کے درمیان ملاقات ہوگی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوشش ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ہفتوں سے جاری اس لڑائی کو ختم کرایا جائے، جو امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے نازک جنگ بندی معاہدے کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔
ٹرمپ کی جانب سے فریقین پر لڑائی ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور یہی مطالبہ ایران کی جانب سے کل ہفتے کے روز پاکستان میں ہونے والے مذاکرات میں بھی سرفہرست رہنے کی توقع ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے گذشتہ روز اعلان کیا تھا کہ اسرائیل، لبنان کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان مذاکرات کے دو بنیادی مقاصد ہیں : حزب اللہ تنظیم کو غیر مسلح کرنا اور اسرائیل و لبنان کے درمیان امن معاہدہ طے کرنا۔
تاہم نیتن یاہو یا کسی اور اسرائیلی عہدے دار نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا وہ مذاکرات میں پیش رفت کی صورت میں زمینی کارروائیوں کو محدود کرنے یا لبنان میں اپنی پوزیشنوں سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار ہیں یا نہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2022 میں دونوں ممالک کے درمیان سمندری حدود کے تعین کا معاہدہ ہوا تھا، جبکہ دسمبر 2025 میں بھی جنوبی لبنان کے علاقے ناقورہ میں بالواسطہ مذاکرات ہوئے تھے۔
-
عالمی غذائی پروگرام کا انتباہ: لبنان کو ایران جنگ کی وجہ سے غذائی تحفظ کے بحران کا سامنا
جنوب کے بعض علاقوں میں بازار بند، خوراک کی قیمتیں انتہائی بلند
مشرق وسطی -
امریکہ: مارکو روبیو کے دفتر میں لبنانی اور اسرائیلی سفیروں کی ملاقات
امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے متوازی گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران ...
بين الاقوامى