کویتی وزارتِ داخلہ نے ایک ایسے منصوبے کو ناکام بنانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانا اور دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت کرنا تھا۔
بیان کے مطابق 24 شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں ایک ایسا شخص بھی شامل ہے، جس کی شہریت منسوخ کی جا چکی ہے اور ان کے قبضے سے غیر قانونی سرگرمیوں سے منسلک رقوم برآمد کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ 8 ایسے شہریوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جو ملک سے فرار ہیں، جن میں ایک شخص وہ بھی ہے، جس کی شہریت واپس لی جا چکی ہے۔
وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ یہ ایک منظم نیٹ ورک تھا ،جو مذہبی ناموں کے تحت رقوم اکٹھی کرتا تھا، انہیں وصول کر کے محفوظ رکھتا اور بعد میں بیرونِ ملک سے آنے والی ہدایات کے مطابق منتقل کرنے کی تیاری کرتا تھا۔
الداخلية الكويتية: إحباط مخطط يستهدف المساس بالأمن وتمويل جهات وكيانات إرهابية من خلال:
— العربية الخليج (@AlArabiyaGulf) April 11, 2026
🔴 ضبط 24 مواطناً أحدهم ممن سحبت جنسيته بحوزتهم مبالغ مالية مرتبطة بأعمال غير مشروعة
🔴 كشف 8 مواطنين هاربين خارج البلاد أحدهم ممن سحبت جنسيته، ضمن نشاط منظم تمثل في جمع الأموال تحت مسميات… pic.twitter.com/7d9nGrXZXD
بیان کے مطابق یہ رقوم بظاہر اعتماد کی بنیاد پر جمع کی جاتی تھیں اور انہیں جائز مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا کہا جاتا تھا، تاہم تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ اصل میں ان کا رخ غیر قانونی اور مشکوک اداروں کی طرف موڑ دیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ ملزمان نے تجارتی اور پیشہ ورانہ اداروں کو بطور پردہ استعمال کیا اور رقم کو مختلف افراد کے ذریعے زمین اور فضائی راستوں سے منتقل کیا تاکہ شک سے بچا جا سکے۔
کویت نے ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے انہیں متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ وہ ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے یا دہشت گردی کی حمایت کے کسی بھی منصوبے کو سختی سے ناکام بنائے گی اور قانون کی بالادستی اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل سنجیدگی سے کارروائی جاری رکھے گی۔