جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 40 سے زائد اہداف کو تباہ کر دیا: اسرائیلی فوج

حزب اللہ کے کم از کم چار ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

اسرائیلی فوج نے لبنانی تنظیم حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور اس کے کارندوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ کے 40 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

فوج نے آج جمعے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ "جن اہداف پر حملے کیے گئے ان میں وہ کمانڈ ہیڈکوارٹرز بھی شامل ہیں جہاں حزب اللہ کے کارندے سرگرم تھے، اس کے علاوہ تنظیم کی دیگر فوجی عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا گیا"۔

بیان میں مزید وضاحت کی گئی کہ "ان ہیڈکوارٹرز اور فوجی عمارتوں کو حزب اللہ کے کارندے اسرائیلی افواج اور ریاستِ اسرائیل کے خلاف دہشت گردانہ منصوبوں کے لیے استعمال کر رہے تھے"۔ ساتھ ہی یہ بھی اعلان کیا گیا کہ حزب اللہ کے کم از کم چار ڈرونز مار گرائے گئے ہیں۔

فوج کے مطابق ان ڈرونز میں سے ایک سرحد عبور کر کے اندر داخل ہوا جس کی وجہ سے شمالی اسرائیل کے قصبہ روش ہانیکرا میں خطرے کے سائرن بج اٹھے، جبکہ دیگر تین ڈرونز کو اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی جنوبی لبنان کے اوپر ناکارہ بنا دیا گیا۔

اسرائیلی فوج نے اشارہ کیا ہے کہ جنوبی لبنان کے ایک ایسے علاقے میں جہاں اس کی افواج تعینات ہیں، حزب اللہ کے ایک اور مشتبہ ڈرون کی نشان دہی پر اس کی جانب بھی دفاعی میزائل داغا گیا ہے، تاہم اس کارروائی کے نتائج کی ابھی تصدیق کی جا رہی ہے۔

اسرائیلی افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ شہریوں اور اپنی افواج کو درپیش خطرات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گی اور اس ضمن میں سیاسی قیادت کی ہدایات کے مطابق عمل کیا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں