سعودی وزارتِ صحت کا حجاج کے لیے 8 زبانوں میں آگاہی گائیڈ جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب کے شعبۂ صحت نے ''صحت مند حج'' کے نعرے کے تحت حج سیزن کے لیے 8 زبانوں میں آگاہی رہنما جاری کر دیا، جس کا مقصد حجاج کرام میں احتیاطی تدابیر اور صحت سے متعلق شعور کو فروغ دینا ہے۔

یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے تحت صحت کے شعبے میں تبدیلی کے پروگرام کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔

اس رہنما میں حاجی کے سفر کے مختلف مراحل کے مطابق خصوصی معلومات فراہم کی گئی ہیں، جن میں حج سے پہلے کی لازمی طبی ہدایات بھی شامل ہیں۔

گائیڈ میں حج کے دوران صحت کے تحفظ سے متعلق اہم موضوعات شامل کیے گئے ہیں، جیسے شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ، سانس کی بیماریوں کے پھیلاؤ کو کم کرنے کی احتیاطی تدابیر اور ہجوم والے مقامات پر صحت و سلامتی برقرار رکھنے کے طریقے۔

اس کے علاوہ رہنما کتابچے میں ابتدائی طبی امداد سے متعلق ہدایات بھی دی گئی ہیں، تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کے طریقہ کار سے حجاج کو آگاہ کیا جا سکے۔

خصوصی توجہ بزرگ افراد اور دائمی بیماریوں میں مبتلا حاجیوں پر دی گئی ہے، جن کے لیے الگ ہدایات اور طبی مشورے شامل کیے گئے ہیں تاکہ دورانِ حج ان کی صحت مستحکم رہے اور پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔

گائیڈ میں غذائی تحفظ سے متعلق ہدایات بھی شامل ہیں، تاکہ فوڈ پوائزننگ جیسے مسائل سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

سعودی وزارتِ صحت اور ادارہ ''وقایہ'' کے مطابق یہ رہنما عربی، انگریزی، فرانسیسی، اردو، فارسی، انڈونیشی، ترکی اور مالے زبان میں دستیاب ہے، تاکہ مختلف ممالک سے آنے والے حجاج تک صحت کے پیغامات مؤثر انداز میں پہنچائے جا سکیں۔

دونوں اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حجاج کی صحت و سلامتی کے لیے آگاہی مواد کو مسلسل بہتر بنایا جاتا رہے گا، تاکہ عازمینِ حج محفوظ اور صحت مند ماحول میں اپنے مناسک ادا کر سکیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں