شام کے صدر احمد الشراع سے لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے دارالحکومت دمشق میں ملاقات کی ہے۔ ہفتے کے روز ہونے والی اس ملاقات میں سکیورٹی ایشوز ، توانائی کے مسائل اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں موجود دقتوں کا جائزہ لیا گیا۔
لبنان اور شام کی حکومتیں دسمبر 2024 میں بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد باہمی تعلقات پر کام کر رہی ہیں۔ بشارالاسد کا خاندان اپنی طویل حکمرانی کے دوران لبنان پر اپناکنٹرول قائم کرنےکے لیے کوشاں رہا۔
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ بشار خاندان جو ان دنوں خود جلاوطنی کی زندگی گزار رہا ہے، اس کی حکمرانی کے دنوں میں کئی لبنانی سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا بھی الزام ہے۔
نواف سلام جن کے ساتھ ان کے نائب وزیر اعظم لبنان بھی بطور خاص آئے تھے ۔ اپنے وزیر ٹرانسپورٹ اور وزیر توانائی کو بھی ساتھ لائے تھے۔
شامی ایوان صدر سے اس ملاقات کے بارے میں جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں طرف کے حکام نے تجارت و دو طرفہ تعاون کے فروغ کے علاوہ سکیورٹی کے لیے درپیش چیلنجوں پر بھی بات چیت کی ہے۔ نیز علاقائی اور عالمی سطح پر درپیش سکیورٹی و دیگر ایشوز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نے بھی مقامی رپورٹروں کو مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعاون کو بڑھانے کے جذبے کو سراہا ہے۔ دونوں طرف سے توقع ظاہر کی گئی ہے تجارتی و مواصلاتی شعبوں میں فریقین زیادہ تعاون کے لیے اقدامات پر فوکس کریں گے۔