سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا، جبکہ خطے کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دوسری جانب اماراتی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور مشترکہ کام کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔
ٹیلیفونک گفتگو میں علاقائی حالات میں ہونے والی پیش رفت، ان کے علاقائی اور عالمی امن و استحکام پر ممکنہ سنگین اثرات، اور ان سے نمٹنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔