اسرائیلی حملوں میں تاریخی مقامات کو نقصان، لبنان کی طرف سے مذمت
قدیم شہر صور اور ضلع نبطیہ میں قلعہ الشقیف یونیسکو کے زیرِ حفاظت ہیں
لبنانی حکام نے جمعرات کو ملک کے جنوب میں یونیسکو کے محفوظ کردہ تاریخی اور اہم ثقافتی مقامات کے قریب اسرائیلی حملوں کی مذمت کی۔
سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے کہا کہ وزیرِ ثقافت غسان سلام نے "تمام دنیا میں اپنے ہم منصبوں اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے متعدد رابطے کیے ہیں تاکہ جنوبی لبنان میں آثارِ قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے مقامات کو ہونے والے عظیم نقصان کی طرف ان کی توجہ دلائی جائے۔"
انہوں نے قدیم شہر صور اور ضلع نبطیہ میں قلعہ الشقیف پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا، "ان مقامات کی ایک بڑی تعداد کو یونیسکو کی جانب سے تحفظ حاصل ہے جس کی بنا پر انہیں کسی بھی اسرائیلی فضائی یا توپ خانے کے حملے سے تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔"
وزیرِ اعظم نواف سلام نے ایکس پر کہا، "صور اور نبطیہ کے علاقوں پر جاری حملوں اور ان کے تاریخی مقامات کی تباہی کا کوئی بھی جواز پیش نہیں کیا سکتا۔"
اسرائیل نے حالیہ دنوں میں جنوبی ساحلی شہر صور کے مختلف علاقوں سے انخلاء کی وارننگ جاری کی اور شدید حملے کیے ہیں۔
جمعرات کے اوائل میں اسرائیل کی فوج نے صور میں ایک عمارت کو نشانہ بنانے کا انتباہ جاری کیا جس کا نقشہ دکھایا گیا تھا اور یہ شہر کے آثارِ قدیمہ کے بالکل قریب واقع ہے۔
انتباہ کے تقریباً دو گھنٹے بعد اے ایف پی کی فوٹیج میں آگ کا مرغولہ دکھایا گیا جس کے بعد وہاں سے دھواں اٹھتا نظر آیا۔
جنوبی لبنان کی بلدیہ آرنون جہاں تاریخی قلعہ الشقیف واقع ہے، نے فیس بک پر ایک بیان میں کہا، "ہم اس حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جس میں یہ مقام نشانہ بنا۔" بلدیہ نے اسرائیلی بمباری کا الزام لگایا اور حکام پر زور دیا کہ وہ اسے "مزید نقصان سے بچائے"۔
بدھ کے روز اے ایف پی کے ایک نمائندہ نے قلعہ الشقیف کے قریب دھواں اٹھتا دیکھا جس پر بظاہر توپ خانے سے فائر کیا گیا۔
جنوبی لبنان پر گذشتہ بیس سالہ کے قبضے کے دوران اسرائیلی افواج نے قلعہ الشقیف کو ایک فوجی مرکز کے طور پر استعمال کیا۔
نومبر 2024 میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سابقہ جنگ کے دوران یونیسکو نے لبنان میں تاریخی ورثے کے 34 مقامات بشمول صور اور الشقیف کو "عارضی طور پر بہتر تحفظ فراہم کیا۔"
اس سال اپریل میں یونیسکو نے مزید 39 لبنانی مقامات کو فہرست میں شامل کیا۔
-
سعودی عرب کی کویت پر حملوں کی مذمت
سعودی عرب نے جمعرات کو ایک بیان میں کویت پر ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی ...
بين الاقوامى -
سعودی شاہ اور ولی عہد کی سابق صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفات پر یمن سے تعزیت
وہ معاصر یمن کی ایک تاریخی شخصیت ہیں: پیغام، مرحوم ایک عظیم مجاہد اور مدبر تھے: ...
بين الاقوامى -
سعودی عرب اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی پر زور
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھارتی وزیر خارجہ جے شینکر نے خارجہ امور ...
مشرق وسطی