سعودی ولی عہد کی جانب سے لبنان سے مملکت کے لیے برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت
ریاستی اداروں کی تعمیر نو کی جانب لبنانی حکومت کے مثبت اقدامات کے پیشِ نظر
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے بدھ کے روز لبنان کے وزیر اعظم ڈاکٹر نواف سلام سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران انہوں نے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے سعودی عرب کے لیے لبنانی برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت پہنچائی۔
یہ اقدام لبنان کے صدر جوزف عون اور وزیر اعظم کی درخواست پر، ریاستی اداروں کی تعمیر نو کی راہ میں لبنانی حکومت کی جانب سے کیے گئے مثبت اقدامات، گذشتہ ایک سال کے دوران متعلقہ ٹیموں کی کامیابیوں اور لبنانی فریق کی جانب سے تعاون اور مطلوبہ وعدوں کی پیشکش کے مطابق عمل میں آیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے (SPA) کے مطابق وزیر خارجہ نے اس رابطے کے دوران لبنان کے استحکام، اس کی مکمل خود مختاری اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مملکت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ساتھ اس اعتماد کا اظہار کیا کہ لبنان میں برادران تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ لبنان کو اپنے بھائیوں کو نقصان پہنچانے کے لیے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔