سعودی عرب نے یمنی حکومت کو ایک اضافی مدد کے طور پر 59.7 ملین ڈالر کی رقم دی ہے۔ یہ رقم سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے یمن کو دی گئی ہے۔
یمن کے لیے سعودی سفیر محمد الجابر کی طرف سے یہ بات جمعہ کے روز کہی گئی ہے۔ سفیر کے مطابق یہ رقم یمن حکومت کو سعودی قیادت اور وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی ہدایات کے تحت رقم منتقل کردی گئی ہے۔ رقم کی منتقلی سعودی پروگرام برائے ترقی و یمنی تعمیر نو کے توسط سے دی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر سعودی سفیر نے لکھا ہے یہ رقم یمنی حکومت کے بجٹ خسارے کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے دی گئی ہے۔ اس سے یمنی حکومت کو اپنے ادائیگیوں کے بہاؤ کو متوازن رکھنے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے یہ اعلان مملکت اور یمن کے درمیان حال ہی میں 150 ملین ڈالر کی مالیت کے ایک معاہدے کے بعد کی گئی ہے۔ یہ معاہدہ یمن بھر میں بجلی کے پیداواری سٹیشنوں کے قیام کے لیے طے پایا ہے۔
یاد رہے سعودی عرب یمن کے لیے بین الاقوامی سطح سے امداد کا سب سے اہم ذریعہ ہے۔ جو یمنی معیشت کی بحالی اور تعمیر و ترقی کے لیے کردار ادا کرتا چلا آرہا ہے۔