پاکستان نے بھارت کا جاسوس طیارہ مار گرایا
پاکستان کی مسلح افواج نے آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں حد متارکہ جنگ (لائن آف کنٹرول) کے نزدیک بھارت کا ایک بغیر پائیلٹ جاسوس طیارہ مار گرایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق اس بھارتی ڈرون نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔اس لیے پاکستانی فورسز نے اس کو نشانہ بنا کر مارگرایا ہے۔پاک فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جاسوس طیارے کو فضائی تصویرکشی کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔
جولائی ہی میں ایک اور ڈرون شکر گڑھ سیکٹر میں ورکنگ باؤنڈری کے نزدیک گر کر تباہ ہوگیا تھااور پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے اس کے ملبے کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔بعد میں یہ وضاحت کی گئی تھی کہ یہ ڈرون پاکستان رینجرز کے زیر استعمال تھا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی جاسوسی کے ضمن میں سب سے دلچسپ واقعہ مئی میں پیش آیا تھا جب ایک کبوتر پاکستان سے سرحد عبور کرکے بھارت کے شہر پٹھان کوٹ کے علاقے میں چلا گیا تھا۔بھارتی حکام نے اس کبوتر کو مشتبہ جاسوس ہونے کے شُبہ میں پکڑ لیا تھا۔
پاک بھارت سرحد سے چار کلومیٹر دور واقع بھارتی گاؤں منوال میں ایک سربہ مہر پیغام اور وائر کی طرح کا آلہ اس درانداز کبوتر کے ساتھ پایا گیا تھا جس پر بھارت کی سکیورٹی ایجنسیوں کو اس کے بارے میں شُبہ ہوا تھا۔اس کے بعد اس پرندے کو ایک ویٹرنری ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا تھا جہاں اس کا طبی معائنہ اور ایکسرے کیا گیا تھا۔
واضح رہے، یہ کوئی پہلا موقع نہیں کہ پاکستان نے اپنے علاقے میں بھارت سے آنے والے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کو مار گرایا ہے۔اس سے قبل سنہ 2002ء میں سرحدی ضلع قصور میں پاکستانی فضائیہ نے ایک جاسوس ڈرون کو مار گرایا تھا۔فوجی حکام نے تب یہ دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل اس ڈرون کو چلا رہا تھا اور یہ بھارتی علاقے سے پروازیں کررہا تھا۔