کوئٹہ میں فورسز کی کارروائی میں 14 افغان طالبان گرفتار
پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک چھاپا مار کارروائی کے دوران چودہ افغان طالبان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایک سینیر عہدے دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں کو بتایا ہے کہ ان طالبان کو جمعرات کے روز کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد سے پکڑا گیا ہے۔انھیں ان کے ٹھکانے سے گرفتاری کے بعد تفتیش کے لیے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
اس عہدے دار کے بہ قول یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ان میں طالبان کا کوئی سرکردہ لیڈر بھی شامل ہے۔ان کے بارے میں مزید معلومات تفتیش مکمل ہونے کے بعد میڈیا کو فراہم کی جائیں گی۔
گرفتار افراد کے قبضے سے بستر ،بوٹ اور انتظامی آلات برآمد ہوئے ہیں۔ان کے ٹھکانے پر چھاپا مار کارروائی سے قبل سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کی گئی تھی۔
پشتون آباد کا علاقہ کوئٹہ کے مشرقی حصے میں واقع ہے اور یہاں گذشتہ تین عشروں سے افغان مہاجرین کی ایک بڑی تعداد مقیم ہے۔ماضی میں بھی افغان طالبان کے متعدد ارکان کو پشتون آباد سے گرفتار کیا جاچکا ہے۔