پاکستانی سرحد کے قریب ایرانی فوج کی کارروائی؛ چار جاں بحق
ایران کے پاسداران انقلاب کے اہلکاروں نے اتوار کی شام پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے متصل علاقے میں ایک فوجی کارروائی کے دوران اہل سنت مسلک کے چار کارکنوں کو قتل کردیا۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ’فارس‘ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج اور جیش العدل نامی بلوچ عسکریت پسند گروپ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ایرانی فوج نے جیش العدل کے نو جنگجوؤں کےساتھ مقابلہ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
گذشتہ ہفتے بھی پاکستان کی سرحد سے متصل علاقے میں ایرانی فوج کی کارروائی میں دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پاسداران انقلاب نے جیش العدل گروپ کے جنگجوؤں کا اسلحہ چھین لیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے متصل ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں بلوچ عوام کے حقوق کے لیے لڑنے والے جنگجوؤں اور اہل سنت مسلک کے کارکنوں کے خلاف ایران نے طویل عرصے سے جنگ مسلط کر رکھی ہے۔