یو اے ای کی جانب سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو موصول: اسٹیٹ بینک
ابوظبی ڈویلپمنٹ فنڈ نے 21 دسمبر کو پاکستان کو 3 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا
متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہو گئے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو مل گئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رقم 22 جنوری 2019 کو گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل ابوظبی فنڈ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے بعد وصول کی گئی۔
خیال رہے کہ 18 جنوری کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر 13 ارب 25 کروڑ ڈالر تھے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کو موصول ہونے کے بعد مرکزی بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر 14 ارب 25 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔
پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے اکتوبر میں سعودی عرب کے فوری بعد متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے یو اے ای سے مالی معاونت کی درخواست کی تھی۔ گذشتہ برس اکیس دسمبر کو ابوظبی ڈویلپمنٹ فنڈ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکانٹ میں 3 ارب ڈالر جمع کرانے کا اعلان کیا تھا جن میں سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہو گئے ہیں۔