اسمبلی اراکین کے اثاثوں کی تفصیل جاری ،عمران خان قریباً11 کروڑ روپے سے زیادہ کے مالک
بلاول بھٹو ایک ارب, 54کروڑ ، آصف زرداری 66کروڑروپے کے اثاثوں کے مالک، دونوں باپ بیٹا دبئی کے اقامہ ہولڈر
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے پارلیمان کے ایوان زیریں قومی اسمبلی کے اراکین کے اثاثوں کی تفصیل جاری کردی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چئیرمین اور وزیر اعظم عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 10کر وڑ، 82لاکھ 36 ہزار روپے ہے۔ انھوں نے اسلام آباد کے علاقے بنی گالا میں واقع اراضی کو تحفہ ظاہر کیا ہے اور وہ اس کے مالک نہیں۔اسی پر ان کا پُرشکوہ محل نما مکان تعمیر کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے تین غیر ملکی کرنسیوں ڈالر، پاؤنڈز اسٹرلنگ اور یورو میں اپنے بنک کھاتے بھی ظاہر کیے ہیں۔ ان کے پاس دو لاکھ روپے مالیت کی چار بکریاں ہیں۔ وہ 152 ایکڑ زرعی اور تجارتی اراضی کے بھی مالک ہیں۔ انھوں نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اثاثوں کی تفصیل بھی فراہم کی ہے۔اس کے مطابق تین کنال کا بنی گالا میں واقع گھر ان کا ملکیتی ہے۔ضلع پاکپتن میں ان کے نام پر 431کنال اراضی اور اوکاڑہ میں266کنال اراضی ان کی ملکیت ہے۔
حزب اختلاف کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد ،جماعت کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری دبئی کے اقامہ ہولڈر ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے اثاثوں کی کل مالیت ایک ارب 54کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ وہ دنیا میں زیادہ مہنگے شہروں میں سے ایک دبئی میں واقع دو ولاز کے بھی مالک ہیں۔
آصف زرداری نے 66کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔ وہ ایک کروڑ روپے مالیت کے گھوڑوں اور دوسرے جانوروں کے مالک ہیں۔ ان کے پاس ایک کروڑ 66لاکھ روپے مالیت کا اسلحہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کے اثاثوں کی کل مالیت 18کروڑ 96لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔انھوں نے بیرون ملک بھی اپنی جائیداد ظاہر کی ہے اور بیرون ملک ان کے 14کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ہیں ۔انھوں نے لندن میں اپنا ملکیتی ایک فلیٹ بھی ظاہر کیا ہے۔
شہباز شریف کی اہلیہ نصر ت شہباز کے اثاثوں کی کل مالیت 23کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ ان کی ایک اور اہلیہ تہمینہ درانی کے اثاثوں کی کل مالیت 57لاکھ، 65 ہزار روپے ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے اثاثوں کی کل مالیت 60کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔
ایک روز پہلے ہی انسداد منشیات فورس کی کارروائی میں گرفتار ہونے والے پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان کے اثاثوں کی کل مالیت چھے کروڑ60 لاکھ روپے ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سیدخورشید احمد شاہ کے پاس چھے کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ہیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد تین کروڑ 58لاکھ روپے اثاثوں کے مالک ہیں۔ان کے پاس آٹھ کروڑ 73لاکھ روپے سے زیادہ کا بینک بیلنس ہے۔انھوں نے 25لاکھ روپے مالیت کے بانڈز بھی خرید کر رکھے ہیں۔۔ وزیر مواصلات مراد سعید کے اثاثوں میں 36لاکھ روپے کی نقدی اور 15تولے سونا شامل ہے۔ وزیر مملکت برائے سیفران شہریارخان آفریدی نے دو کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کیے ہیں ۔
وزیر دفاع پرویز خان خٹک 13 کروڑ 95لاکھ روپے مالیت کے اثاثوں اور اڑھائی کروڑ روپے نقد کے مالک ہے۔ پی ٹی آئی کے ایم این اے سمیع الحسن گیلانی ایک ارب روپے سے زیادہ کے اثاثوں اور وفاقی وزیر علی زیدی تین کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔