سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی عرب کی جانب سے افغانستان کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے ہیں۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق پاکستان آمد پر سعودی وزیر خارجہ کا استقبال وفاقی وزیر اعظم سواتی اور وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ حافظ طاہر اشرفی نے کیا۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا افغانستان پر خصوصی اجلاس اتوار کو اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔
او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں رکن مماملک کے وزرائے خارجہ اقوام متحدہ، یورپی یونین اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے نمائندوں سمیت امریکہ، چین، روس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور فرانس کے مندوبین شریک ہوں گے۔
افغانستان کی عبوری حکومت کا نمائندہ وفد بھی وزیر خارجہ کی سربراہی میں کانفرنس میں شرکت کر رہا ہے۔ کانفرنس سے وزیراعظم عمران خان خصوصی خطاب کریں گے۔