پاکستان، سعودی عرب میں ہم وطن پاکستانی ورکرز کے ’بہترین‘ خیال رکھنے پر مملکت کا دلی شکر گذار ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد کے دورے پر آنے والے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف سے ملاقات کے بعد کہی ہے۔
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف کی وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقات کے موقع پر مؤخر الذکر کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب میں پاکستانی ورکرز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کا سعودی حکومت اچھے سے خیال رکھ رہی ہے۔‘
ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے پاکستان اور سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے درمیان مضبوط تعلقات پر زور دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق پاکستانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔‘
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی اور پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اتوار کو ایک پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ان سب پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا، جو سعودی عرب کی جیلوں میں چھوٹے کیسز میں قید ہیں اور جن پر جرمانے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مختلف ممالک کے وزرائے داخلہ کو دعوت دی گئی ہے، جہاں پاکستانی قید ہیں تاکہ انہیں وطن واپس لانے کی راہ ہموار کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت برادر مسلم ممالک میں قید ان پاکستانیوں کی واپس پر کام کر رہی ہے جو چھوٹے کیسز میں جرمانے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے قید میں ہیں۔
سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف پیر کو ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نور خان ائیر بیس راولپنڈی پر سعودی وزیر داخلہ کا اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ سعودی وزیر داخلہ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔