حج وعمرہ

پی آئی اے پرائیویٹ حج زائرین سے ڈالر میں کرایہ وصول کرے گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان کی سرکاری فضائی کمپنی 'پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن' [پی آئی اے] نے فیصلہ کیا ہے کہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت سعودی عرب جانے والے زائرین سے امریکی ڈالرز میں ٹکٹ کے پیسے وصول کئے جائیں گے۔

ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پی آئی اے نے ڈیڑھ سال قبل اس اقدام پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا تھا مگر کرونا وباء کے سبب اس پر عمل درآمد موخر کر دیا گیا تھا۔

ایئر لائن کے مطابق اس فیصلے سے ٹکٹ کے ریٹس میں موجود فرق ختم ہو جائے گا کیونکہ اس کے ٹکٹس بیرون ملک سے بھی بڑی تعداد میں خریدے جاتے ہیں۔

معاصر عزیز دی نیوز کے مطابق جنوبی ریجن سے سفر کرنے والوں کا کرایہ 810 سے لے کر 1100 ڈالر جبکہ شمالی ریجن سے سفر کرنے والے نجی مسافروں کو 860 سے لے کر 1150 تک ڈالر ادا کرنا پڑیں گے۔

پی آئی اے کے مطابق سرکاری حج سکیم کے ذریعے حج کی سعادت ادا کرنے والے زائرین کو ایک لاکھ 81 ہزار روپے کی مقرر شدہ رقم ادا کرنا ہو گی۔

سعودی عرب نے امسال پاکستان سے 81 ہزار 132 حاجیوں کو حج کی اجازت دی ہے جن میں سے 37 ہزار کو سرکاری حج سکیم جبکہ باقیوں کو نجی کمپنیوں کے ذریعے حج کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

پاکستان کی قومی ایئرلائن کا حج آپریشن 6 جون بروز پیر کو شروع ہوگا جو کہ 13 اگست تک جاری رہے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں