جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئیں، جہاں وہ پاکستانی قیادت سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گی۔ انالینا بیئربوک جرمنی کی پہلی خاتون وزیر خارجہ ییں اور وہ اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔
منگل کے روز وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دفتر خارجہ آمد پر جرمنی کی وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کو خوش آمدید کہا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے بھی جرمنی کی وزیر خارجہ انالینا بیئربوک سے ملاقات کی۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے وزراء نے وفود کی سطح پر ملاقات کی اور باہمی تجارت سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں باہمی تعلقات کے تمام پہلوئوں اور علاقائی اور عالمی امور کا احاطہ کیا گیا۔ جرمنی کی وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے باضابطہ تبادلوں کا حصہ ہے اور اس سے پاکستان اور جرمنی کی کثیر جہتی دوستی کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی عمارت میں وزیر خارجہ انالینا بئیربوک کا استقبال کیا اور ان کے ہمراہ دفتر خارجہ کے احاطے میں پودا لگایا۔ اس دو روزہ دورے کے دوران بیئربوک وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملیں گی۔
جرمن وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انالینا بیئربوک پاکستان میں اپنے قیام کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ سول سوسائٹی کے ساتھ ساتھ دیگر حکومتی نمائندوں سے بھی بات چیت کریں گی۔ بیئربوک کا تعلق جرمنی کی ماحول دوست گرین پارٹی سے ہے۔
جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کا یہ غیر ملکی دورہ چار روزہ ہے اور اس دوران وہ پاکستان کے علاوہ ترکی اور یونان بھی جائیں گی۔
جرمن ذرائع کے مطابق بیئربوک اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے اور جرمنی کی تنظیم برائے بین الاقوامی ترقی و تعاون جی آئی زیڈ کے عملے سے بھی ملنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ جی آئی زیڈ خاص طور پر آج کل ان افراد کی فلاح وبہبود کے لیے کام کر رہی ہے، جو افغانستان سے نکل کر پناہ کی تلاش میں پڑوسی ممالک میں مقیم ہیں۔ جرمن سفارت خانہ اور جی آئی زیڈ پریشانیوں کے شکار ان افغان باشندوں کو پاکستان سے باہر بھجوانے میں بھی تعاون کر رہے ہیں۔
پاکستانی اور جرمن رہنماؤں کے مابین اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت میں افغانستان کا موضوع بھی زیر بحث آئے گا۔ انالینا بیئربوک ان افغان شہریوں سے بملنے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں، جو اس وقت پاکستان میں رہائش پذیر ہیں اور جن کی زندگی کی گاڑی جرمن امداد کے بل پر چل رہی ہے۔
اکتالیس سالہ بیئربوک 2021ء میں ہونے والے جرمن قومی انتخابات میں گرین پارٹی کی جانب سے چانسلر شپ کی امیدوار تھیں۔ تاہم مخلوط حکومت کی تشکیل کے بعد گزشتہ برس دسمبر میں انہیں وزیر خارجہ بنا دیا گیا تھا۔
بیئربوک سات جون کو پاکستان سے یونان اور ترکی کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔
-
سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل اب سمارٹ ایپ کے ذریعے حل ہوں گے: چوہدری سرور
سمندر پار پاکستانی اب اپنے مسائل قانونی طریقے گھر بیٹھے حل کروا سکیں گے۔ اس مقصد ...
پاكستان -
حج2022ء:پاکستان سمیت پانچ ممالک کے عازمین کے لیے’شاہراہِ مکہ اقدام‘کاآغاز
سعودی عرب کےعازمین حج کو ہر طرح کی سفری سہولتیں مہیا کرنےاور مناسک حج کی اطمینان ...
پاكستان -
پاکستان کے حکومتی حلقوں کا کالعدم ٹی ٹی پی کی فائر بندی میں توسیع کا خیر مقدم
پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے جنگ بندی میں غیر ...
پاكستان