امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملک میں جاری سیاسی تناؤ کو کم کرنے کی کوشش میں وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
ان ملاقاتوں کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہدایات پر اتوار کو ملک میں جاری سیاسی بحران کے حوالے سے جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
کمیٹی میں پرویز خٹک، سینیٹر اعجاز احمد چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔
جماعت اسلامی کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کے حوالے سے کوئی نام یا اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پارٹی کی سینیئر قیادت ان مذاکرات میں حصہ لے گی لیکن ابھی تک کوئی باضابطہ کمیٹی نہیں بنائی گئی۔
قبل ازیں سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کے تین رکنی وفد نے ہفتے کے روز وزیر اعظم سے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی تین رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات، ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال۔ pic.twitter.com/BITeYmMNwX
— President PMLN (@president_pmln) April 15, 2023
انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاسی مسائل کو سیاسی عمل کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ایک ہی بار میں انتخابات کا ذکر ملک کے لیے مناسب ہو گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سراج الحق کی جانب سے ایک ہی دن انتخابات کروانے کی کاوشوں کو سراہا کیونکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا بھی یہ ہی موقف ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم سے بات چیت کے بعد جماعت اسلامی کے امیر نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے زمان پارک کا دورہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے سیاسی مسائل اور ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کیا جبکہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے سربراہ نے عمران خان کو بات چیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا پاکستان کو درپیش چیلنجز کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس رائے کا اظہار کیا کہ انتخابات کو ایک ہی بار میں اجاگر کرنا ملک کے لیے فائدہ مند ہو گا۔ انہوں نے وسیع اور متفقہ فیصلہ سازی کے لیے کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کی۔
پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ ان کی پارٹی آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مذاکرات اور بات چیت کے لیے تیار ہے۔
جماعت اسلامی کے وفد کی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف @ImranKhanPTI سے ملاقات. جماعت اسلامی کے وفد میں سراج الحق صاحب بھی شامل-
— PTI (@PTIofficial) April 15, 2023
pic.twitter.com/KhwA1MsZ7n
واضح رہے کہ یہ ملاقات سراج الحق کی طرف سے اٹھایا گیا ایک قدم تھا لیکن کچھ عرصہ قبل پی ٹی آئی کے اسد عمر اور دیگر رہنما منصورہ آئے تھے جہاں پر ان کی ملاقات سراج الحق، لیاقت بلوچ اور دیگر رہنماؤں سے ہوئی تھی اور ملاقاتوں کا یہ سلسلہ کچھ عرصہ سے جاری ہے۔
جماعت اسلامی کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے بعد پی ٹی آئی کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات شروع ہوں گے اور امید ہے کہ اس کا کوئی مثبت نتیجہ نکلے گا۔
یاد رہے کہ وفاق میں اتحادی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان انتخابات کی تاریخ پر اتفاق نہیں پایا جاتا۔
اتحادی حکومت نے قبل از وقت انتخابات کے انعقاد سے انکار کیا ہے جبکہ عمران خان حکومت سے برطرفی کے بعد وقت سے پہلے انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
سیاسی بحران سنگین ہونے کے بعد 14 اپریل کو پاکستان کی سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کو 17 اپریل تک فنڈز مہیا کرنے کا حکم دیا تھا۔ خیبر پختونخوا میں انتخابات کے انعقاد کا کیس اس وقت پشاور ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے۔
جماعت اسلامی، بہ قول قیصر شریف، سمجھتی ہے کہ اس حوالے سے سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ موجودہ صورت حال میں کوئی حل نہیں دے سکتے اور مذاکرات ہی تمام جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کر سکتے ہیں۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے لیے صرف جماعت اسلامی نے کوشش نہیں کی بلکہ گزشتہ ماہ سول سوسائٹی کی تنظیموں نے بھی دونوں پارٹیوں کے ساتھ ملاقاتیں کی تھیں اور آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے لیے قائل کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔
-
تحریک انصاف نے پشاور ہائیکورٹ میں صوبائی انتخابات کے لئے درخواست دائر کر دی
پاکستان تحریک انصاف [پی ٹی آئی] نے صوبہ خیبر پختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے ...
پاكستان -
وزیر اعظم نے صدر کا خط ’پی ٹی آئی کی پریس ریلیز‘ قرار دے دیا
شہباز شریف نے صدر عارف علوی کو پانچ صفحات اور سات نکات پر مشتمل جوابی خط لکھ دیا
پاكستان -
تحریک انصاف کا مطالبات کی منظوری تک ملک گیر احتجاج کا اعلان
ملک کے وفاق کی سب سے بڑی حزب اختلاف پارٹی پاکستان تحریک انصاف [پی ٹی آئی ] نے ...
پاكستان