سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو سوڈان میں سعودی شہریوں اور دوست ملکوں کے متعدد شہریوں کا کامیابی سے انخلا کرانے پر پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فون پر مبارکباد پیش کی ہے۔ بلاول نے سوڈان کے بحران میں دیگر ملکوں کی جانوں کے تحفظ میں کردار ادا کرنے پر سعودی حکام کی تعریف کی اور کہا کہ اس حوالے سے سعودی حکام نے پیشہ ورانہ انداز میں خدمات انجام دی ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے متحارب فریقوں کے درمیان فوجی کشیدگی کو روکنے، تشدد کے خاتمے، سوڈانی شہریوں اور سوڈان میں مقیم افراد کو ضروری تحفظ فراہم کرنے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں نے سوڈان کی سلامتی، استحکام اور بہبود کی ضمانت دینے والے طریقوں کو استعمال کرنے پر بھی گفتگو کی۔
واضح رہے ہفتہ کی شام سوڈان سے سعودی عرب کے شہریوں کو نکالا گیا تھا۔ اسی طرح برادر اور دوست ملکوں کے متعدد شہریوں کا بھی سوڈان سے انخلا یقینی بنایا گیا تھا۔ رائل سعودی نیوی کی جانب سے مختلف شاخوں کے تعاون سے انخلا کا آپریشن مکمل کیا گیا تھا۔
نکالے گئے سعودی شہریوں کی تعداد 91 شہریوں تک پہنچ گئی ہے۔ برادر اور دوست ممالک سے نکالے گئے لوگوں کی تعداد تقریباً 66 افراد تک پہنچ گئی۔ دوست ملکوں کے نکالے گئے افراد میں کویت، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، تیونس، پاکستان، بھارت ، بلغاریہ، بنگلہ دیش، فلپائن، کینیڈا، اور برکینا فاسو کے شہری بھی شامل ہیں۔