سعودی عرب کے شعلہ الشرقیہ کلب نے پاکستان کی خواتین فٹ بال ٹیم کی کپتان ماریہ خان کے ساتھ رواں سیزن میں سعودی ویمنز پریمیئر لیگ کے لیے معاہدہ کیا ہے۔ان کی خدمات حاصل کرنے کا مقصد خواتین پریمیئرلیگ کے اس سیزن کے دوران میں سعودی عرب کی خواتین فٹ بال ٹیم کی صفوں میں معاونت کرنا ہے۔
امریکا میں پیدا ہونے والی 31 سالہ پاکستانی کھلاڑی کو گذشتہ سال نیپال میں ساؤتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن (ساف) کے زیراہتمام ویمن فٹ بال چیمپیئن شپ کے انعقاد کے وقت پاکستان کی قومی خواتین ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا تھا۔
شعلہ الشرقیہ کے نام سے مشہور کلب نے پیغام رسانی کے پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ ’’ماریہ خان شعلہ الشرقیہ ایف سی کی صفوں میں شامل ہوگئی ہیں‘‘۔
تنضم ماريا خان الى صفوف نادي شعلة الشرقية 🔥
— نادي شعلة الشرقية (@EasternFlamesFC) August 11, 2023
تعاقد إدارة النادي مع اول المحترفات الاجانب ، لتدعيم صفوف الفريق الاول لكرة القدم سيدات في الدوري الممتاز للسيدات لهذا الموسم 🔥
ماريا خان هي كابتن المنتخب الباكستاني 🇵🇰#ماريا_خان#شعلة_الشرقية #فخر_الشرقية #كرة_القدم_النسائية pic.twitter.com/yrEpHyUmaR
وہ پہلی غیر ملکی خاتون پیشہ ور کھلاڑی ہیں جن کے ساتھ کسی سعودی کلب کی انتظامیہ نے معاہدہ کیا ہے۔ وہ اس سیزن کے لیے خواتین کی پریمیئر لیگ میں سعودی عرب کی قومی فٹ بال ٹیم کی معاونت کریں گی۔
شعلہ الشرقیہ فٹ بال کلب کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق یہ سعودی خواتین کی پہلی فٹ بال ٹیم ہے جو 2006 میں قائم ہوئی تھی اور 2020 اور 2021 میں مملکت کے مشرقی صوبہ کی چیمپیئن رہی ہے۔
رواں سال کے اوائل میں پاکستان کی قومی خواتین فٹ بال ٹیم نے کپتان ماریہ خان کی قیادت میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھااور چار ملکی فٹ بال ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا۔اس میں سعودی عرب کے علاوہ دوسری دو ٹیمیں کوموروس اور موریشس کی تھیں۔
پاکستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں دوسرے نمبر پر رہی تھی جبکہ ماریہ خان نے فری کک پر سعودی عرب کے خلاف شاندار گول کردیا تھا جس کی بدولت پاکستان کا سعودی عرب کے خلاف میچ 1-1 سے برابررہا تھا۔ماریہ خان کے اس خوب صورت گول کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا گیا تھا۔