نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی سعودی سفیر نواف المالکی سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لئے سعودی حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بالخصوص سعودی عرب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز تر کرنے کی بنیاد رکھے گی۔

بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی۔سعودی سفیر نے وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور خادم حرمین شریفین، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کی۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لئے سعودی حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے خاص طور پر سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد کا ذکر کیا اور سعودی حکومت سے درخواست کی کہ انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیر اعظم نے سعودی قیادت کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کو اپنے قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر شمار کر سکتا ہے۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حال ہی میں قائم کی گئی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) پہلے کی طرح کام کرتی رہے گی اور بالخصوص سعودی عرب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز تر کرنے کی بنیاد رکھے گی۔ اس سلسلے میں انہوں نے توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت، آئی ٹی اور افرادی قوت کو تعاون کے ممکنہ شعبوں کے طور پر اجاگر کیا۔

سعودی سفیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جس کی خصوصیت باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم اور مشترکہ مفاد کے تمام دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی تعاون ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں