مراکش زلزلہ

پاکستان سمیت عالمی رہنماؤں کا زلزلے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس

نگران وزیراعظم کا مراکش میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے مراکش میں شدید زلزلے سے نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مراکش کی حکومت اور عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مراکش کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ پاکستان مراکش کے بہادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔

دریں اثنا نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے ہفتہ کو پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کرمون کو ٹیلیفون کیا اور مراکش میں ہولناک زلزلہ سے قیمتی جانی ومالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے مراکش کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ پاکستانی قوم اور حکومت اس مشکل گھڑی میں مراکش کے زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مراکش کے عوام کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، انہیں صحت کی سہولیات سمیت ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے ہولناک زلزلہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

عالمی رہنماؤں کا ردعمل

مراکش میں اس طاقت ور زلزلے کے باعث سینکڑوں کی تعداد میں انسانی ہلاکتوں اور بے شمار عمارات کی تباہی کے بعد بیرونی دنیا کے بہت سے ممالک اور ان کے رہنماؤں نے مراکش کے ساتھ افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔

جرمنی کے چانسلر اولاف شولس اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی مراکش کی حکومت اور عوام کے ساتھ اس ہلاکت خیز قدرتی آفت کے بعد یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں اتنی زیادہ انسانی ہلاکتوں پر گہرا دکھ ہوا ہے۔

مراکش کے ہمسایہ ملک الجزائر میں شہری دفاع کے محکمے نے تصدیق کی ہے کہ اس زلزلے کے جھٹکے الجزائر میں بھی محسوس کیے گئے، تاہم وہاں اس وجہ سے انسانی ہلاکتیں اور مادی نقصانات دونوں بہت کم ہوئے۔

مراکش میں گذشتہ تباہ کن زلزلہ 2004ء میں آیا تھا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.7 تھی اور جو 926 انسانی اموات کا سبب بنا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں