’’پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد، سابق وزیر اعظم نوازشریف 21 اکتوبر کو وطن لوٹیں گے‘‘
نواز شریف لاہور ایئر پورٹ پر اتریں گے، ن لیگ اپنے قائد کا بھرپور استقبال کرے گی: میاں شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان واپس آئیں گے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بات منگل کو اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر بتائی ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لندن سے پاکستان واپسی کے حوالے سے گذشتہ کئی ماہ سے چہ میگوئیاں جاری ہیں اور خود مسلم لیگ ن کے رہ نماؤں کی جانب سے مختلف بیانات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا اہم بیان
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) September 12, 2023
معمار پاکستان اور رہبر عوام محمد نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس تشریف لائیں گے
محسن عوام محمد نواز شریف کا وطن آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا انشاءاللہ
اس حوالے سے سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی گذشتہ ماہ لندن میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد اعلان کیا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اکتوبر میں پاکستان آئیں گے۔
تفصیل کے مطابق لندن میں قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔اس میں شہباز شریف، سلیمان شہباز، حسن نواز بھی شریک تھے۔
اجلاس میں آیندہ عام انتخابات سے متعلق حکمت عملی، نواز شریف کی وطن واپسی کے امور پر غور کیا گیا۔الیکشن سے متعلق پیپلز پارٹی کے مئوقف پر بھی غور کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ نوازشریف لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے، جہاں پر ان کا ن لیگ کی جانب سے بھرپور استقبال کرے گی۔ نواز شریف کے استقبال کے لیے پاکستان کے تمام علاقوں اور شہروں میں پارٹی کارکنان ریلیوں کا انعقاد بھی کریں گے۔
دریں اثناء چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز نے سندھ میں سوشل میڈیا ٹیم کو متحرک اور فعال بنانے کے لیے تجاویز طلب کر لی ہیں۔ مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ سندھ کے نوجوانوں پر فوکس کیا جائے اور مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کی تنظیم نو کی جائے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز جلد سندھ کا تنظیمی دورہ بھی کریں گی۔