پاکستان غزہ میں جنگ بندی کا شدید خواہش مند ہے: ممتاز زہرا بلوچ
’’غیر قانونی یہودی بستیاں مسئلہ فلسطین کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں‘‘
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے قابض فلسطینی علاقوں پر غیر قانونی یہودی بستیاں مسئلہ فلسطین کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا پاکستان غزہ میں جنگ بندی کا شدید خواہش مند ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جنگ بندی کے دوران غزہ کو ضروری اشیا کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ رواں ہفتے میں بچوں کا عالمی دن منایا گیا، غزہ بچوں کے لیے سب سے مشکل جگہ بن چکی ہے۔ غزہ میں 6 ہزار سے زائد بچے شہید ہوئے جو کہ غزہ کی آبادی کا 40 فیصد ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ ایک مقبوضہ علاقہ ہے، پاکستان کے اسرائیل سے سفارتی اور اقتصادی تعلقات نہیں ہیں، پاکستان فلسطینی زمین پر اسرائیل کے منصوبے پر سنجیدہ تحفظات رکھتا ہے، ہم فلسطین کے 1967 سے پیشگی سرحدوں پر دو ریاستی حل کے حامی ہیں، ایسی فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔ ہم یہودی آباد کاری کو غیر قانونی سمجھتے ہیں، یہ غیر قانونی آباد کاری فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کے رستے میں شدید رکاوٹ ہے۔