پاکستان کی چینی باشندوں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا چینی سفارتخانہ کا دورہ، پاکستان میں چینی سفیر سے بشام میں دہشت گرد حملے میں پانچ چینی باشندوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ حکومت بشام واقعہ کی اعلیٰ سطح اور جلد تحقیقات کر کے ذمہ داران اور سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دے گی۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانہ کا دورہ کیا اور چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ سے بشام میں دہشت گرد حملے میں پانچ چینی باشندوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا۔
اس موقع پر وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں، پاکستانی حکومت واقعہ کی اعلیٰ سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی۔چینی سفیر سے گفتگو میں وزیرِ اعظم نے چینی صدر اور چینی وزیرِ اعظم کیلئے واقعہ کے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
چینی سفیر نے وزیرِاعظم کی سفارتخانہ آمد اور واقعہ کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور وزیرِاعظم کے پاک چین دوستی کے حوالے سے عزم کی تعریف کی۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی باشندوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی پاک، چین دوستی کے دشمنوں نے کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہر بشام کے قریب دہشت گرد حملے میں پانچ چینی شہری ہلاک ہوگئے۔ دہشت گرد حملے میں ایک پاکستانی شہری بھی جاں بحق ہوا۔
دہشت گرد حملے پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ پاکستان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان دہشت ردی کے اس گھناونے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایسی گھناؤنی کارروائیاں پاکستانی قوم کے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کا عزم کمزور نہیں کر سکتیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی تھی، ایسی تمام قوتوں کے خلاف پورے عزم کے ساتھ کارروائی کریں گے اور شکست دیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں چینی دوستوں کے ساتھ کھڑے ہیں، حملے میں ہلاک چینی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں، پاکستان میں چینی شہریوں کی زندگی اور حفاظت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبہ جات کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے پاکستان چینی بھائیوں سے مل کر کام کرتا رہے گا۔
-
بشام میں گاڑی پر مبینہ خودکش حملے میں پانچ چینیوں سمیت چھ افراد ہلاک
صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر حملے میں پانچ چینی ...
پاكستان -
پاکستان: صوبہ خیبرپختونخوا کا غزہ کے فلسطینیوں کے لیے 100 ملین روپے کی امداد کا اعلان
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے غزہ کے فلسطینیوں کے لیے 100 ملین روپے کی ...
پاكستان -
افغانستان کے ساتھ کشیدگی کی لہر کے باوجود پاکستان کا تجارتی وفد کابل جائے گا
پاکستان کی وزارت تجارت کے حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے دوران سرحدوں سے آمد و ...
بين الاقوامى