عوام اور افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے: کور کمانڈرز کانفرنس

کور کمانڈرز کانفرنس کا مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کے لیے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم پر بھی تشویش کا اظہار، مہم کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنانے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ملک کی عسکری قیادت نے کور کمانڈرز کانفرنس میں مشرق وسطی میں کشیدگی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے فلسطینی و کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 264ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں فورم کو بریفنگ دی گئی کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہ علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی 264 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں بشام میں چینی شہریوں پر حملے کی مذمت کی گئی، فورم کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ یہ دہشت گرد گروہ پاکستان اور اس کے اقتصادی مفادات کے خلاف بطور پراکسی کام کررہے ہیں، یہ دہشت گر د گروہ بالخصوص سی پیک کے خلاف پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

آرمی چیف نے کور کمانڈرز کو ہدایت کی کہ دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے اور مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے خطرے کو مستقل ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس نے مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کے لیے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوج کے خلاف الزامات پر مبنی مہم کو مسترد کر دیا، شرکائے کانفرنس نے کہا کہ ہم عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوششوں کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے، بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم کے خلاف قانون اور آئین کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فورم نے افواج پاکستان کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اور پیشہ وارانہ مہارتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مشرق وسطی میں کشیدگی پر اظہار تشویش بھی کیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ مشرق وسطی فریقین نے تحمل کا مظاہرہ نہ کیا تو وسیع تر علاقائی تنازعہ جنم لے سکتا ہے۔

فورم نے پائیدارسماجی واقتصادی ترقی کے حصول کیے لیے حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے، اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری کے خلاف اور غیرقانونی تارکین کی محفوظ وطن واپسی کیلیے بھرپورتعاون فراہم کرنے کاعزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو ہدایت کی کہ آپریشنل تیاری اور مورال کے اعلی ترین معیارکو یقینی بنائیں اورتربیت کے اعلی معیار کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت حاصل کریں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں