پاکستان میں متعین سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔
سعودی سفیر کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے پر پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم اگلے سال حج پر شاہی مہمان ہو گی۔
سعودی سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے اپنے بھائیوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ ان شاء اللہ آپ یہ ٹورنامنٹ جیتیں گے اور پاکستانی عوام یقیناً ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا جشن منائیں گے، انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے بھی دعا گو ہوں۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 6 جون کو ڈیلاس میں میزبان ٹیم امریکہ کے خلاف میچ سے کرے گی، اس کے بعد 9، 11 اور 16 جون کو بالترتیب بھارت، کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف میچز کھیلے گی۔ گروپ سٹیج کے بعد گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سپر آٹھ مرحلے کے لیے ویسٹ انڈیز جائیں گی۔