نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے خٰبیر ٹی وی کے صحافی خلیل جبران قتل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں پولیس کے مطابق مقامی صحافی اور لنڈی کوتل پریس کلب کے سابق صدر خلیل جبران کو منگل کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر ٹی وی سے وابستہ صحافی خلیل جبران کو تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے مزرینہ میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے میں ان کے ساتھی سجاد ایڈوکیٹ زخمی ہو گئے۔

ڈی پی او سلیم عباس کے مطابق خلیل جبران اور سجاد ایڈوکیٹ گھر جا رہے تھے، ملزمان نے انہیں کار سے اتار کر فائرنگ کی۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صحافی خلیل جبران کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کردی ہے کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

ادھر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی صحافی خلیل جبران کے قتل کی مذمت کی ہے۔

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے ’’خیبر نیوز‘‘سے وابستہ صحافی خلیل جبران کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایمنڈ نے کہا کہ پاکستان میں تواتر کے ساتھ صحافیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے صحافیوں پر تشدد، اغوا اور دھمکیاں معمول بن چکی ہیں۔

یاد رہے کہ خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے خلیل جبران 20 سال سے زائد عرصے سے خیبر نیوز سے وابستہ تھے جبکہ وہ بعض دیگر نیوز اداروں کے ساتھ بھی کام کرچکے تھے۔

خلیل جبران سماجی کارکن بھی تھے اور علاقے میں غریب خاندانوں کی امداد کے لیے عطیات کا بندوبست بھی کرتے تھے۔

لنڈی کوتل پریس کلب کے سابق صدر خلیل جبران پشتو میں شاعری بھی کرتے تھے، جس میں وہ زیادہ تر اپنے علاقے کے مسائل پر لکھتے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں