بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک قاتلانہ حملے میں ڈپٹی کمشنر ذاکر علی پنجگور جاں بحق ہو گئے ہیں۔ حملے میں رکن بلوچستان اسمبلی کے بھائی اور پنجگور کے ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین سمیت دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
لیویز کنٹرول مستونگ کے مطابق ڈسٹرکٹ چیئرمین اور ڈپٹی کمشنر پنجگو ر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پیر کی رات کو پنجگور سے کوئٹہ جا رہے تھے جب انہیں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مستونگ کے قریب کھڈکوچہ کے علاقہ کنڈ عمرانی کے مقام پر 15 سے زائد مسلح افراد نے ڈی سی اور ڈسٹرکٹ چیرمین پنجگور کے قافلے پر فائرنگ کر دی۔
ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے دو افراد زخمی ہو گئے۔ مستونگ کے قریب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ کھڈ کوچہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی کو شدید زخمی حالت میں کوئٹہ منتقل کیا گیا، تاہم دوران علاج وہ زخموں کا تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور اور رکن بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے بھائی عبدالمالک بھی زخمی ہوئے، جنہیں کوئٹہ کے اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ میں گرلز کالج سریاب روڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم حملہ کیا گیا، جس سے کالج کے گیٹ کو نقصان پہنچا تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر پنجگور کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے شہید ڈی سی ذاکر بلوچ کے لواحقین سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا ہے وزیر داخلہ محسن نقوی کی فائرنگ سے زخمی دو افراد عبدالملک اور احمد جان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
انھوں نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی رحلت پر دلی رنج ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ نے شہادت کا اعلی رتبہ پایا۔ فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مستونگ میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر کی رحلت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت بھی کی ہے۔