بلوچستان میں فورسز کی کارروائیاں، 24 گھنٹے میں 18 جوان جاں سے گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کے مطابق بلوچستان میں 24 گھنٹے کے دوران مختلف کارروائیوں میں 23 دہشت گرد ہلاک جبکہ 18 جوان جاں بحق ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے روڈ بلاک بنانے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری متحرک ہوئے جنہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق منگوچر آپریشن میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے بلوچستان ایف سی کے 18 جوان بھی جاں بحق ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع قلات میں دہشت گردی کی کارروائی کے پس منظر میں سکیورٹی فورسز کے متعدد سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ہرنائی میں آپریشن کے دوران 11 دہشت گرد مارے گئے، کارروائیوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق "اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے تک سینیٹائزیشن آپریشن جاری رہیں گے۔"

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔

دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع قلات میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 18 سکیورٹی اہلکاروں کی صفوں میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے "دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کرنے اور جامِ شہادت نوش کرنے پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کارروائی کے دوران 12 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی اہلکاروں کی بہادری کو سراہا۔"

دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ہرنائی بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

وزیرِ اعظم نے بلوچستان کا امن و امان خراب کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن دشمنوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں شرپسندی پھیلانے والے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں۔ حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔ بلوچستان کے معصوم عوام کو دہشت گردوں سے محفوظ رکھنے کا پاک فوج کا غیر متزلزل عزم لائق تحسین ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں