متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کی جانب سے پاکستان کے سپیشل اولمپکس ایتھلیٹس کےلیے افطارڈنر
قونصل جنرل کا معذور افراد کو اعتماد دینے کی اہمیت پر زور
کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے نے اطلاع دی کہ متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الریمیسی نے اتوار کو پاکستان کے سپیشل اولمپکس ایتھلیٹس کے اعزاز میں افطار ڈنر کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سپیثل ایتھلیٹس سے ملاقات کے دوران انہیں اعتماد کے ذریعے بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب پاکستانی کھلاڑی 2025 کے عالمی سرمائی کھیلوں میں حصہ لینے کی تیاری کر رہے ہیں جو سپیشل اولمپکس آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہو رہے ہیں۔ یہ عالمی ایونٹ آٹھ سے 15 مارچ تک جاری رہے گا اور اس میں 100 سے زیادہ ممالک کے کم از کم 1,500 کھلاڑی شامل ہوں گے جو اٹلی کے پیڈمونٹ خطے میں کھیلوں کے آٹھ مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نے اتوار کی شام کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا، سپیشل اولمپکس میں پاکستان کے کھلاڑی کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے نے ال ریمیسی کے حوالے سے بتایا، "کھلاڑیوں پر تھوڑی سی محنت ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ ذہنی یا جسمانی مسائل کے باوجود خصوصی کھلاڑی صلاحیت میں کسی سے کم نہیں۔ انہیں اعتماد دینے کی ضرورت ہے۔"
یو اے ای کے قونصل جنرل نے کہا، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عرب ثقافت برادر ممالک پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان محبت اور تعلقات کو مزید مضبوط کرتی ہے۔
یو اے ای کے قونصل خانے نے کہا کہ شرکاء نے افطار کی میزبانی اور مہمان نوازی کرنے پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔