حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس مکمل ہو گئے ہیں اور کراچی ائر پورٹ پر مخصوص کاؤنٹرز پر عازمین حج کے لیے سعودی امیگریشن کلیئرنس کارروائی 29 اپریل کو شروع ہو گی اور اس کے لیے روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت سعودی امیگریشن ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔
ترجمان پاکستان ائر پورٹس اتھارٹی کے مطابق حال ہی میں جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی کے لیے مختص سعودی امیگریشن حکام اسلام آباد سے کراچی پہنچے جہاں ائر پورٹ انتظامیہ نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
انہوں نے بتایا کہ روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت سعودی امیگریشن ٹیم جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ پر آٹھ مخصوص کاؤنٹرز پر عازمین حج کے لیے سعودی امیگریشن کلیئرنس کی کارروائی 29 اپریل سے شروع کرے گی، جو کراچی سے پہلی حج پرواز کی روانگی کے ساتھ ہی شروع ہوگی۔ حکام کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے ذریعے عازمین کی سعودی عرب آمد کے بعد کا امیگریشن عمل روانگی سے پہلے ہی مکمل ہو جائے گا۔
قبل ازیں سعودی امیگریشن ٹیم کا 45 رکنی وفد پاکستان پہنچا تھا، جس کا اسلام آباد انٹرنیشنل ائر پورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا، سعودی ٹیمیں اسلام آباد اور کراچی ائر پورٹس پر موجود ہوں گی اور عازمین حج کی سعودی امیگریشن کارروائی پاکستان میں مکمل کریں گی۔
علاوہ ازیں اسلام آباد، ملتان اور پشاور ائرپورٹس پر پری حج 2025 کے اجلاس کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔ ترجمان پاکستان ائرپورٹس اتھارٹی نے بتایا کہ تمام اداروں نے عازمین کی سہولت اور سیکورٹی کے بہترین انتظامات کے ساتھ کامیاب حج آپریشن کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔