پاک فوج نے ایل او سی پر فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی کواڈ کاپٹر کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کو ناکام بناتے ہوئے مار گرایا۔

سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے بھمبر سیکٹر کے مناور علاقے میں بھارتی فوج نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جاسوسی کرنے کی کوشش کی، تاہم پاک فوج نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے دشمن کا کواڈ کاپٹر مار گرایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، دفاعی تیاری اور چوکسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دشمن کی طرف سے اس طرح کی حرکتیں خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوششیں ہیں، لیکن پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی ناپاک سازش کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور ہر محاذ پر مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان شاء اللّٰہ دشمن کو ہر جارحیت پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری تھا، اب بھارت فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھی اتر آیا ہے۔

واضح رہے کہ پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، اس کے علاوہ بھی مودی سرکار نے پاکستان کے حوالے سے کئی جارحانہ فیصلے کیے، جن میں پاکستانیوں کے ویزوں کی منسوخی بھی شامل ہے۔

پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدامات کرتے ہوئے بہترین سفارتی حکمت عملی کو اختیار کیا، اور بھارت کے سفارتی عملے کو بھی 30 افراد تک محدود کر دیا گیا تھا، قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا تھا کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، پانی بند کیا گیا تو پاکستان اسے جنگ تصور کرے گا۔

جنوبی ایشیا میں دو ایٹمی قوتوں کے درمیان کشیدگی سے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ میں جعفر ایکسپریس حملے کا االزام علاقائی حریف پر عائد کیا ہے، اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو قبول کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا، تاہم بھارت کی جانب سے امن کے لیے اقدامات کے بجائے روایتی ہٹ دھرمی کا سلسلہ برقرار ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں