پاکستان کا قبل از حج فلائٹ آپریشن مکمل، 115,000 سے زائد عازمین سعودی عرب روانہ

عازمین کی مدد کے لیے تقریباً 470 رابطہ کار تعینات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

پاکستان نے اپنا 33 روزہ قبل از حج فلائٹ آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے اور 115,000 سے زائد عازمینِ حج کو سعودی عرب پہنچا دیا گیا ہے، سرکاری میڈیا نے ہفتہ کو اطلاع دی۔

حج کے لیے مملکت کا سفر کرنے والے ہزاروں پاکستانی مسلمانوں کی سہولت کے لیے پاکستان ہر سال خصوصی حج پروازوں کا اہتمام کرتا ہے۔ آپریشن میں سرکاری اور پرائیویٹ دونوں سکیمیں شامل ہیں اور ساتھ ہی ہموار نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لیے متعدد ایئرلائنز کے ساتھ منظم رابطہ کاری بھی کی گئی ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے بتایا کہ آخری پرواز پی کے-759 کراچی سے 307 عازمین کے ہمراہ مقامی وقت کے مطابق شام چھے بجکر 55 منٹ پر جدہ پہنچی۔

اے پی پی نے وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر بٹ کے حوالے سے بتایا کہ "سرکاری حج سکیم کے تحت پاکستان کے مختلف شہروں سے 342 پروازوں کے ذریعے 88,260 عازمین حج سعودی عرب پہنچے۔"

انہوں نے مزید کہا، "اسی طرح 27,000 سے زیادہ [عازمین] پرائیویٹ حج سکیم کے تحت حجازِ مقدس پہنچے۔"

حج پروازیں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، سعودی ایئرلائنز، سیرین ایئر، ایئربلیو اور ایئرسیال سمیت متعدد فضائی کمپنیوں کے ذریعے چلائی گئیں۔

ترجمان نے کہا کہ حج کے پانچ اہم ایام میں عازمین کی مدد کے لیے وزارت نے تقریباً 470 رابطہ کار تعینات کیے ہیں جن میں سے ہر ایک کو 188 سے 200 عازمین کا گروپ تفویض کیا گیا۔

منیٰ سے عرفات، مزدلفہ، جمرات اور واپس مکہ تک کے سفر میں مدد کے لیے ہر رابطہ کار حج کے دوران اپنے مقرر کردہ گروپ کے ہمراہ رہے گا۔

اس سال مناسکِ حج کا آغاز چار جون کو اور یومِ عرفہ پانچ جون کو ہو گا جبکہ سعودی عرب میں عید الاضحیٰ چھے جون کو ہو گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں