پاکستانی نائب وزیراعظم مسئلہ فلسطین پر اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

پاکستان کے نائب وزیر اعظم کے عہدے کے ساتھ ساتھ وزارت خارجہ کا قلم دان رکھنے والے اسحاق ڈار اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منعقدہ فلسطین کانفرنس میں شرکت کے لیے اگلے ہفتے نیویارک جائیں گے۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کے حکام بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

منگل کے روز پاکستان کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اقوام متحدہ کی یہ کانفرنس مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کے لیے بلائی جا رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں 17 جون سے 19 جون تک جاری رہنے والی اس بین الاقوامی کانفرنس کے دوران مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کے لیے دوریاستی حل کو آگے بڑھانے کی بات کی جائے گی۔ جس کے تحت اسرائیل اور فلسطین دونوں کو بقائے باہمی کے اصول کے تحت رہنے کا حق حاصل ہو گا۔

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا فلسطین کاز کے لیے پاکستان کی سفارتی سطح پر حمایت کے عزم کے اعادہ کے لیے کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ یہ کانفرنس ایسے موقع پر ہوگی جب غزہ میں اسرائیلی فوج کی جنگ شروع ہوئے لگ بھگ 21 ماہ ہو چکے ہیں اور اب تک 54 ہزار سے زائد فلسطینی قتل کیے جا چکے ہیں۔

تاہم یہ جنگ اور فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ غزہ میں قتل کیے گئے فلسطینیوں کی بڑی تعداد فلسطینی بچوں اور عورتوں کی ہے۔

نیو یارک کے اس دورے کے دوران نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے دوسرے ملکوں کے ہم منصب نمائندوں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

وہ غزہ میں فوری جنگ بندی، انسانی بنیادوں پر فلسطینیوں کے لیے بلا تعطل خوراک و امداد کی فوری و مسلسل ترسیل کے علاوہ اقوام متحدہ اور 'او آئی سی' کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کے حل پر زور دیں گے۔

یاد رہے پاکستان نے دو ریاستی حل کا موقف اختیار کیا ہے تاکہ 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر تصفیہ ہو اور مشرقی یروشلم آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت قرار پائے ۔ تاہم پاکستان نے اسرائیلی ریاست کو تسلیم نہیں کیا ہے اور فلسطینیوں کے موقف کا شروع سے حامی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں