کراچی میں شدید بارشوں سے زندگی مفلوج، 11 افراد ہلاک، متعدد زخمی
بندرگاہی شہر میں اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شہر میں عام تعطیل کا اعلان، نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند
کراچی میں گذشتہ روز سے جاری شدید بارشوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں مکانات، دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں چار بچوں سمیت کم سے کم 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔
بارش سے پیدا ہونے والی غیر معمولی صورت حال کے باعث وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بارش کے باعث بدھ کے روز کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔
🛑 ریکارڈ توڑ بارشیں! کراچی گلشن اقبال میں ⚡⚡سیلاب، گاڑیاں چھتوں تک ڈوب گئیں! سب سے زیادہ بارش 205 ملی میٹر گلشن رومی میں ریکارڈ۔ pic.twitter.com/5FQp7veYBc
— PakWeather (@Pak_Weather) August 19, 2025
وزیر اعلیٰ نے عوام کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ بدھ کو مزید بارش کا امکان ہے، اسی لیے عام تعطیل دی گئی تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ حکومت سندھ نے سرکاری و نجی سکولوں کو بھی بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 12 گھنٹوں میں شہر میں سب سے زیادہ 245 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے کراچی میں اربن فلڈنگ کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہر کی تقریباً ہر سڑک، شاہراہ اور گلی پانی میں ڈوبی ہوئی ہے جبکہ سڑکوں کے ساتھ فٹ پاتھ اور گرین بیلٹ نظروں سے اوجھل ہو گئے ہیں۔
ریڈ لائن منصوبے کے تعمیراتی کام کے باعث یونیورسٹی روڈ پر صفورہ، موسمیات، نیو ٹاؤن، جیل چورنگی تک صورت حال تشویشناک صورت اختیار کر گئی۔
شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص ملیر لیاقت مارکیٹ اور سرجانی ٹاؤن سمیت کئی مقامات پر پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک جام میں ہزاروں شہری پھنس گئے، شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور۔
تیز بارش کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی بھی غائب ہو گئی، کراچی کے 2100 فیڈرز میں سے آدھے ٹرپ کرگئے یا بند کردیے گئے، تاہم بندرگارہی شہر کو بجلی فراہمی کے ذمہ داری ادارے "کے الیکٹرک" نے دعویٰ کیا ہے کہ بارش کے حالیہ سپیل کے بعد کےالیکٹرک کا بجلی تقسیمی نظام مجموعی طور پر مستحکم رہا ہے۔
آئندہ دو روز اہم قرار
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی ریاست مغربی اوڑیسہ کے پاس ایک سسٹم ڈپریشن کی صورت میں موجود ہے، یہ سسٹم آئندہ ایک سے ڈیڑھ دن میں بھارتی گجرات پہنچ جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس دوران 23 اگست تک بارشوں کا سسٹم سندھ پر اثر انداز رہے گا جس سے صوبے کے اکثر مقامات پر درمیانی اور کہیں شدید موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
ترجمان کے مطابق بارشوں کا یہ اچھا سسٹم لگ رہا ہے، آئندہ دو روز کراچی میں بھی بارش کے حوالے سے بہت اہم ہیں جس دوران درمیانی سے تیز موسلا دھار بارش کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔