ہیلی کاپٹر چلاس میں گر کر تباہ، پائلٹ اور معاون سمیت پانچ جاں بحق
واقعہ پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے
گلگت بلتستان حکومت کا ہیلی کاپٹر ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ سمیت عملے کے پانچ ارکان جاں بحق ہو گئے۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ ہمارا ایک ہیلی کاپٹر تھور، چلاس میں گر کر تباہ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ اور تکنیکی عملے کے تین ارکان سوار تھے۔
دیامر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی)عبدالحمید نے بیان میں کہا کہ اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ایس ایس پی عبدالحمید کے مطابق ہیلی کاپٹر ایک مجوزہ نئے ہیلی پیڈ پر ٹیسٹ لینڈنگ کر رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دیامر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر
جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حادثے کی وجہ کے بارے میں ایس ایس پی نے کہا کہ ابھی تک کچھ کہنا قبل از وقت ہے جبکہ جی بی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے ابتدائی طور پر تکنیکی خرابی کو حادثے کی وجہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر میں لگی آگ بجھانے کی کوشش جاری ہے، واقعہ پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔