سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے حج 2026 کے آپریشنز کی تکمیل پر پاکستان کے حج مشن کو بہترین کارکردگی پر مسلسل دوسرے سال بھی حسن کارکردگی ایوارڈ پیش کیا ہے۔ یہ بات پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہی ہے۔
حسن کارکردگی ایوارڈ پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو کو پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب سعودی حج و عمرہ کے لیے وزیر توفیق بن فوزان الربیعہ کی میزبانی منعقد کی گئی۔ اس موقع پر مختلف ملکوں کے سینیئر حج حکام بھی موجود تھے۔
رواں سال پاکستان کے حج مشن نے 179000 حجاج کے لیے انتظامات کیے۔ ان میں 119000 حاجیوں کے سعودی عرب جانے اور انہیں رہائیشیں فراہم کرنے کا اہتمام سرکاری سکیموں کی صورت کیا گیا۔ جبکہ 60000 حاجی نجی شعبے کے توسط سے ادائیگی حج کے لیے گئے۔
اس سلسلے میں پاکستان کے حج مشن کی کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے مسلسل دوسرے سال اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔ پاکستان کو یہ ایوارڈ حج مشن کے سربراہ عبدالوہاب سومرو کے زیر قیادت ملا ہے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ نے اس سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے حج سیزن 1447 کے لیے انتظامات کی تعریف کی اور کہا حج مشنز نے حاجیوں کے لیے خدمات کو بہتر کیا ہے۔ حج مشنز نے اس کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی پہلے کے مقابلے میں مؤثر بنایا ہے۔
وزارت مذہبی امور پاکستان کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک نے پاکستان کے حج مشن کی کاکردگی کو ایک مثال کے طور پر دیکھا ہے۔ خیال رہے پاکستان کے حج مشن نے حالیہ برسوں کے دوران حاجیوں کے لیے ٹرانسپورٹ، خوراک اور رہائش کے انتظامات کو ترجیحاً بہتر کیا ہے۔