پاکستان کے حکام نے حج سیزن 2027 کے لیے حج ٹور آپریٹرز کو نئے لائسنس جاری کرنے کا عمل شروع کرنے سے پہلے 20 جولائی تک عازمین حج کی شکایات اور اعتراضات کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پہلے سے فیلڈ میں موجود حج آپریٹرز کے لائسنسوں کی تجدید کے سلسلے میں ان حج کمپنیوں کے بارے میں عوامی تجربات پر مبنی رائے سامنے آسکے۔
عازمین حج کی شکایات اور اعتراضات سننے کا یہ عمل وزارت مذہبی امور نے اتوار کے روز سے اعلان کیا ہے۔
یاد رہے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی طرف سے مخصوص کیے گئے کوٹےمیں پاکستان اضافے کی خواہش رکھتا ہے تاکہ یہ حج کوٹہ پچھلے سال سے بڑھ کر 230000 ہو سکے۔
سال 2026 میں پاکستان کے لیے یہ حج کوٹہ 179210 تھا۔ اب سعودی حکومت سال2027 کے لیے نیا حج کوٹہ مقرر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
وزارت مذہبی امور پاکستان کی طرف سے سال 2026 میں حج کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ اگر انہیں کسی ٹور آپریٹر سے کوئی شکایت رہی ہو تو وہ 20 جولائی تک وزارت کو اس بارے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ تاہم 20 جولائی کے بعد موصول ہونے والی شکایات کو توجہ نہیں دی جائے گی۔
دریں اثنا وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ صرف دس دنوں کے دوران 150000 پاکستانی عازمین حج نے حج 2027 کے لیے ابتدائی رجسٹریشن کرا لی ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار پاکستان کے لیے پچھلے سال والا حج کوٹہ کم پڑ جائے گا۔ البتہ ابھی حج اخراجات کا تخمینہ لگایا جانا باقی ہے۔