پاکستان کے نجکاری کمیشن نے بدھ کے روز ایشیائی ترقیاتی بنک کے ساتھ اپنے معاہدے پر دستخط کیے ہیں ۔ اس معاہدے کے تحت بنک انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز 'آؤٹ سورس' کرنے کے عمل کی نگرانی کرے گا۔
حکومت پاکستان کی کمزور انتظامی اہلیت کے پیش نظر 'آئی ایم ایف' نے اسے ہدایت کر رکھی ہے کہ پاکستان اپنے اثاثوں کو بیچے تاکہ گورننس بہتر ہو اوران اداروں کے خسارے کے بوجھ سے پاکستان کو بچایا جا سکے اور پاکستان کے قرضوں کی ادائیگی اور قرضوں پر عاید سود ادا کرنا ممکن ہو جائے۔
نجکاری کمیشن نے اسی کھاتے میں اسلام آباد کے نئے بنائے گئے ایئر پورٹ کے آپریشنز کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان آپریشنز کی ڈیل کے لیے ایشیائی ترقیاتی بنک تمام تر ٹرانزیکشنز کی نگرانی کرے گا۔ یہ بات نجکاری کمیشن کے جاری کردہ بیان میں کہی گئی ہے۔
پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے ڈائریکٹر ایما فین اور دوسری طرف سے نجاری کمشین کے ڈائریکٹر جنرل شاہد داؤ نے اپنے اداروں کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کیے ہیں۔
نجاری کمیشن نے اس معاہدے کو سنگ میل قرار دیا کہ اس کے تحت حکومت کا نجکاری پروگرام تیزی سے عمل کے راستے پر چلے گا۔