سعودی عرب : بین الاقوامی کرکٹ سٹیڈیم کا منصوبہ ، پاکستانی کرکٹ سٹارز کی طرف سے تحسین

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

پاکستانی کرکٹ سٹارز نے سعودی عرب میں بین الاقوامی معیار کے جدید کرکٹ سٹیڈیم کے منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے یہ سٹیڈیم مملکت کے علاوہ پورے خلیج میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک بڑا سنگ میل ثابت ہوگا۔

سعودی عرب میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی کرکٹ فیڈریشن نے اسی ماہ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ دونوں فورم کے باہمی اشتراک سے سٹیڈیم کی تعمیر ممکن بنائی جائے گی۔ اس منصوبے میں بین الاقوامی معیار کا کرکٹ کھیلنے والوں کی میزبانی کے لیے ہر سہولت فراہم کی جائے گی۔

پی سی بی اور سعودی کرکٹ فیڈرشن کے درمیان یہ مفاہمت کرکٹ کے شعبے میں بھی وسیع تر شراکت داری کے لیے ہے۔ اس کے تحت دونوں کے درمیان مہارتوں کا تبادلہ بھی ممکن ہو گا۔ سٹیڈیم کی یہ تعمیر سعودی ویژن 2030 کے سیاحتی و ثقافتی منصوبوں کا بھی حصہ ہے۔

سعودی عرب میں بتدریج کرکٹ کا فروغ ہوا ہے۔ اس میں پاکستان کی مہارتوں کا بھی دخل ہے۔ کہ سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانی اس میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش اور بھارت کے شہری بھی کافی انوالو ہیں۔ سعودی عرب نے 2020 میں کرکٹ فیڈریشن کو نچلی سطح تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سعودی سٹیڈیم کے منصوبے کے بارے میں کہا یہ کرکٹ کے فروغ کے لیے کوششوں کو بڑھانے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ بہت زبردست انیشٹیو ہے۔ سعودی عرب نے کھیلوں کے میدان میں بہت پیش قدمی کی ہے۔ سٹیڈیم کا منصوبہ بھی ایک ولولہ انگیز قدم ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا قبل ازیں بھی مملکت میں کرکٹ کے لیے بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے، اب اس بین الاقوامی کرکٹ سٹیڈیم سے مقامی ٹیلنٹ کو بین الاقوامی سطح پر ابھرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ یہ پیش رفت پورے خلیجی علاقے کے لیے بڑی زبردست رہے گی۔ امید ہے جب یہ مکمل ہوگا تو مجھے بھی اس میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔ توقع ہے کہ اس میں ون ڈے میچ کا حصہ بن کر ایک نئے پرجوش باب کا سعودی عرب میں آغاز کر سکیں گے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران خان نے کہا سعودی عرب کا مجوزہ بین الاقوامی کرکٹ سٹیڈیم ایک لمبے عرصے کے لیے فروغ کرکٹ کی ٹھوس بنیاد بنے گا۔ انہوں نے کہا جدہ میں قائم کیے جانے والے اس سٹیڈیم کے لیے پاکستان سے اشتراک ایک بڑا انیشٹیو ہے۔ یہ کوشش نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو آگے لانےکا ذریعہ بنے گی۔

سابق کرکٹر جلال الدین نے کہا یہ منصوبہ ظاہر کرتا ہے کہ بین الاقوامی تعلقات میں کرکٹ بھی ایک اہم جہت کے طور پر نمایاں ہے۔ اس سلسلے میں پی سی بی اور سعودی عرب کی کرکٹ فیڈریشن میں اشتراک قابل تحسین ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں