سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان عمرہ ادائیگی کے لیے آنے والے زائرین میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔
مملکت سے جاری ہونے والے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال عمرہ زائرین کی مجموعی تعداد میں 22 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا، جس میں سب سے زیادہ حصہ پاکستانی زائرین کا رہا۔
پاکستان سے عمرہ کی ادائی کے لیے جانے والے افراد کی تعداد دیگر تمام ممالک سے زیادہ ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث پاکستان عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر آ گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ ویزہ پالیسی میں آسانیوں، جدید ڈیجیٹل سہولیات، تیز رفتار امیگریشن نظام اور بہتر ٹرانسپورٹ و رہائشی انتظامات کے باعث دنیا بھر سے زائرین کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان سے عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کی اہم وجوہات میں بہتر فضائی رابطے، نجی ٹور آپریٹرز کی جانب سے متعارف کرائے گئے مختلف عمرہ پیکجز، آن لائن ویزہ سہولت اور عوام میں عمرہ کی بڑھتی ہوئی رغبت شامل ہیں۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مملکت کا ہدف وژن 2030 کے تحت ہر سال زیادہ سے زیادہ زائرین کو جدید، محفوظ اور آسان سفری و عبادت کی سہولیات فراہم کرنا ہے، جس کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے عمل جاری ہے۔
پاکستانی عمرہ زائرین کی تعداد میں اس نمایاں اضافے کو دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔