''ہماری حمویاں واپس لاؤ''مشعل اوباما کا ٹویٹر پر مضحکہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کے جنگجوؤں کے بارے میں میڈیا میں تو مشہور ہے یا کیا جارہا ہے کہ وہ بہت ہی سفاک ہیں لیکن اس کے ساتھ وہ زبردست حس مزاح بھی رکھتے ہیں۔

اس کا اندازہ ان کی ٹویٹر پر امریکی خاتون اول مشعل اوباما کے بارے میں پوسٹ کی گئی تحریروں سے کیا جاسکتا ہے۔انھوں نے ٹویٹر پر ''ہماری حمویاں واپس لاؤ'' کے نام سے ایک ہیش ٹیگ بنایا ہے۔

اس کے ساتھ داعش نے مشعل اوباما کی وہی مشہور تصویر لگائی ہے جس میں وہ ایک کتبے اٹھائے نائیجیریا میں اغوا ہونے والی اسکول طالبات کی بازیابی کا مطالبہ کررہی ہیں۔انھوں نے اپنے اس ہیش ٹیگ کو ''ہماری بچیوں کو واپس لاؤ'' کا نام دیا تھا۔

داعش کے جنگجو اور ان کے حامی ''ہماری حمویوں کو واپس لاؤ'' کے عنوان سے ٹویٹس کا آپس میں تبادلہ کررہے ہیں۔داعش کے جنگجوؤں نے گذشتہ ہفتے عراق کے شمالی شہروں پر قبضے کے دوران وزیراعظم نوری المالکی کی فوج سے امریکی ساختہ فوجی گاڑی حموی اور دوسرے فوجی سازوسامان پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔

اب وہ ان ہتھیائے گئے امریکی ساختہ ہتھیاروں ،ہیلی کاپٹروں اور کثیرالمقاصد حموی گاڑیوں کو عراقی فورسز کے خلاف لڑائی میں استعمال کررہے ہیں۔

انٹرنیشنل بزنس اسٹینڈرڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق داعش نے امریکی ساختہ بہت زیادہ اسلحہ اور گاڑیاں شام منتقل کردی ہیں اور اب وہ شامی صدر بشارالاسد کی فوج کے خلاف لڑائی میں استعمال کیا جائے گا۔

عراقی حکومت نے بدھ کو امریکا سے داعش کی شورش پر قابو پانے کے لیے فوجی امداد کی درخواست کی تھی اور اس کے جواب میں امریکی صدر براک اوباما نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ عراق میں اہدافی اور مختصر فوجی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عراق میں اس وقت فوجی محاذ پر سرمایہ کاری مغرب کے مفاد میں ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں