مصری فنکار کو دماغ کا سرطان لاحق ہو گیا
سابقہ ملکہ حسن انجی عبداللہ نے سوشل میڈیا پر لاعلاج مرض کی اطلاع دی
مصر کی سابق ملکہ حسن اور معروف اداکارہ انجی عبداللہ نے اعلان کیا ہے کہ انہیں دماغ کے سرطان کا عارضہ لاحق ہے۔ انجی کے بقول ان کے شفاء یاب ہونے کی کوئی امید نہیں کیونکہ ٹیومر دماغ اس حصے میں ہے جہاں سے اسے بذریعہ آپریشن نکالا ناممکن ہے۔
انجی عبداللہ، مصر میں ترکی کے ناظم الامور سے شادی کے بعد سے ان دنوں ترکی میں مقیم ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'فیس بک' پر اپنے بلاگ میں ان کا کہنا تھا پانچ نمایاں ڈاکٹروں نے ان کے دماغ میں ٹیومر کی تصدیق کی ہے۔ تمام ہی ڈاکٹروں کی رائے میں ٹیومر دماغ کے ایسے حصے میں ہے جہاں سے اسے نکالا نہیں جا سکتا۔ میں اس صدمے کے باوجود اللہ کی شکر گزار ہوں اور صدق دل سے مرض کو قبول کرتے ہوئے عوام سے ملتمس ہوں کہ وہ میرے لئے دعا کریں۔
یاد رہے کہ انجی عبداللہ نے سنہ 2001ء میں فلمی سفر کا آغاز کنگ فو ہیرو یوسف منصور کے ساتھ 'بدر' نامی فلم سے کیا۔ وہ 1999ء میں مصر کے ملکہ حسن بھی رہیں۔ نیز انہوں نے ٹی وی سکرین کے متعدد کامیاب اور مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
انہوں نے جامعہ 6 اکتوبر کے میڈیا اور آرٹس انسٹی ٹیوٹ سے ڈگری حاصل کی تھی اور عملی زندگی کا آغاز اشتہارات میں کام سے کیا، بعد میں وہ بعض ویڈیو گانوں میں بطور ماڈل اور پھر اینکر پرسن بھی اپنی صلاحیت کا لوہا منوا چکی ہیں۔
گذشتہ برس جولائی میں انہوں نے مصر میں ترکی قائم مقام سفیر البر پوسوتر سے محبت کی شادی کر لی اور بعد میں مصر چھوڑ کر ترکی میں سکونت اختیار کر لی۔