ذہانت بڑھانے کے لیے ناشتے میں آئس کریم کھایے !
دنیا بھر میں آئس کریم کے چاہنے والوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ جاپان میں ایک محقق نے انکشاف کیا ہے کہ بیدار ہونے کے فورا بعد ناشتے کے طور پر آئس کریم کھانے سے ذہنی صلاحیتوں میں بہتری آتی ہے ، ذہانت کی سطح بلند ہوتی ہے اور انسان اپنے رد عمل میں زیادہ پرسکون ہوجاتا ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق ٹوکیو میں "کیورین" یونی ورسٹی کے پروفیسر يوشی ہيكو نے دو گروپوں پر متعدد تجربے کیے۔ ان میں پہلے گروپ کے شرکاء کو سو کر اٹھنے کے فورا بعد آئس کریم کھانے کے لیے کہا گیا جب کہ دوسرے گروپ کو روایتی طریقے سے ناشتہ کرایا گیا۔ اس کے بعد دونوں گروپوں کے ارکان کو کمپیوٹر پر مخلتف ذہنی مشقیں حل کرنے کے لیے کہا گیا۔
دونوں گروپوں کی کارکردگی کے موازنے کے بعد یہ نتیجہ سامنے آیا کہ ناشتے میں آئس کریم کھانے والے گروپ کی صلاحیتیں معلومات کو حل کرنے کے سلسلے میں روایتی ناشتہ کرنے والے گروپ کے مقابلے میں زیادہ تیز اور نمایاں تھیں۔
دونوں گروپوں کے دماغ کی سرگرمی کے مطالعے سے ظاہر ہوا کہ آئس کریم کھانے والے گروپ کے دماغوں سے بڑی مقدار میں کثیف نوعیت کی "ایلفا" لہریں خارج ہوئیں جو چوکنے اور متنبہ رہنے کی سطح کو بڑھاتی ہیں۔
یاد رہے کہ جاپانی پروفیسر کا یہ مطالعہ کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور ناشتے کے مثبت اثرات کے حوالے سے پہلی کاوش نہیں۔ اس سے قبل 2012 میں ہونے والے مطالعے میں اس نتیجے پر پہنچا گیا تھا کہ ناشتے میں چاکلیٹ کیک کھانے سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس لیے کہ کیک کھانے کے نتیجے میں جسم کو ملنے والی توانائی اور کاربوہائیڈریٹس کے نتیجے میں پورے دن دوبارہ سے میٹھی غذا کھانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔